vosa.tv
Voice of South Asia!

نیوجرسی کی برگن کاؤنٹی جشن آزادی پاکستان کے رنگوں میں رنگ گئی

0

نیوجرسی:پاکستان کے یومِ آزادی پر ریاست نیوجرسی کی برگن کاؤنٹی میں بھی جشنِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔سبز ہلالی پرچم فضاء میں لہراتا دیکھ کر سب کے سر فخر سے بلند ہو گئے۔پاکستان کے 77 ویں یومِ آزادی پر ریاست نیوجرسی کی برگن کاؤنٹی کی انتظامیہ  نے کلچرل سوسائٹی آف برگن کاؤنٹی کے اشتراک سے جشنِ آزادی کی تقریب  سجائی۔

آغاز تلاوتِ کلام  ِ پاک سے ہوا۔تقریب میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی،کلچرل سوسائٹی آف برگن کاؤنٹی کی روحِ رواں فرحت خان،سوسائٹی کی صدر ڈاکٹر غزالہ سمیت نیوجرسی میں مقیم  پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی۔اس موقع پر امریکا و پاکستان  کےقومی ترانے پڑھے گئے اور سبز ہلالی پرچم فضاء میں بھی لہرایا گیا۔یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیوجرسی سے منتخب پاکستانی نژاد امریکی اسمبلی وومن شمع حیدر اور اسمبلی مین افضل برلاس  نے برگن کاؤنٹی کی انتظامیہ اور کلچرل سوسائٹی آف  برگن کاؤنٹی سے جشنِ آزادی کے انعقاد پر اظہارِ تشکر کیا۔ان کا کہناتھا کہ پاکستانیوں نے کئی مشکل ادوار دیکھے اور ثابت کیا کہ جمہوریت ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کا نام ہے۔ اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے جو اپنی تہذیب و ثقافت،مذہب اور معاشرتی اُصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی ضامن ہوتی ہے۔جشنِ آزادی کی تقریب میں کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی کی صدر ڈاکٹر غزالہ اور دیگر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی تہوار ایک دوسرے کی تہذیب و ثقافت کو سمجھنے کا بہترین موقع ہیں۔تقریب سے خطاب میں برگن کاؤنٹی کے بورڈ آف کمشنر کی وائس چیئر وومن اور پروچیئرڈاکٹر جان ایم واس نے پاکستانی کمیونٹی کو ان کے77 ویں یومِ آزادی کی مبارک باد دی  اور کاؤنٹی میں 14 اگست کو  پاکستان کا یوم آزادی منانے کا اعلان کرتے ہوئے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کو سائٹیشن بھی پیش کی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف قدرتی وسائل کی دولت سے مالامال ہے بلکہ منفرد تہذیب و ثقافت کی بھی پہچان ہے۔یومِ آزادی کی تقریب کے اختتام سے قبل ہیرے بھنگڑا ٹیم نے ثقافتی رقص کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ گلوکار شرمن شین نے ملی نغمہ پیش کرکے سب کا لہو گرمایا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.