نیویارک:سفک کاؤنٹی میں پاکستان کے 77ویں یومِ آزادی کا جشن
نیویارک(ویب ڈیسک)ایم پاورڈ مسلم ویمن آف نیویارک کے زیر اہتمام سفک کاؤنٹی میں پاکستان کے77ویں یومِ آزادی کی مناسبت شاندار میلے کا انعقاد کیا گیا۔اس ایونٹ میں مختلف سرگرمیاں اور پروگرام شامل تھے جو پاکستانی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیے گئے ۔نیو یارک کے علاقے لِنڈن ہرسٹ بیبیلون ٹاؤن ہال پارک میں مسلم خواتین کی تنظیم ایم پاورڈ مسلم ویمن آف نیویارک کے زیر اہتمام پاکستان کے 77ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے شاندار میلے کا انعقاد کیا گیا۔ایونٹ کا مقصد پاکستان کے یومِ آزادی کا جشن اور کمیونٹی میں یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ تھا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد ازاں پاکستانی و امریکی ترانے بجائے گئے۔
ایونٹ میں نیویارک کی مختلف مسلم خواتین رہنما، کمیونٹی لیڈرز اور امریکی آفیشلز سمیت معزز مہمان خصوصی کے طور پر شریک تھے۔اس موقع پر نائب قونصل جنرل پاکستان عمر شیخ نے ایونٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیام پاکستان کے لئے کوششوں کو اجاگر کیا ۔تقریب میں شریک امریکی آفیشلز نے ایم پاورڈ مسلم ویمن آف نیویارک کی اس کوش کو سراہا اور پاکستانی کمیونٹی کو یکجا کرنے، پاکستان کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے پر مبارکباد پیش کی۔جشن آزادی کے میلے میں شریک کمیونٹی ممبرز نے پاکستان کی آزادی کی مناسبت سے تاریخی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بانی ء پاکستان محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیا۔ایم پاورڈ مسلم ویمن آف نیویارک کی پریزیڈنٹ شازیہ جبین نے وائس آف ساؤتھ ایشیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفک کاؤنٹی میں پہلی مرتبہ پاکستانی کی ٓزادی کا جشن منا رہے ہیں۔ جس کا مقصد آنیوالی نسلوں کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان کسطرح معرض وجود میں آیا۔ایونٹ میں معروف پاکستانی گلوکار سانول عیسیٰ خیلوی کی شاندار لائیو پرفارمنس نے حاضرین کو محظوظ کیا۔ ان کی خوبصورت آواز اور دلکش موسیقی نے میلے کی رونق کو دوبالا کردیا۔آزادی کے میلے میں مختلف ثقافتی پرفارمنسز پیش کی گئیں جن میں روایتی رقص، موسیقی اور ٹیبلوز شامل تھے۔ ان پروگرامز نے پاکستانی ثقافت کی خوبصورتی کو اجاگر کیا۔میلے میں مختلف روایتی لذیذ پاکستانی کھانوں کے اسٹالز بھی موجود تھے ،جبکہ بچوں کے لئے مختلف کھیلوں اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ فیس پینٹنگ، باؤنس ہاؤس اور دیگر تفریحی سرگرمیاں بچوں کی دلچسپی کا مرکز رہیں۔ایونٹ میں ملبوسات اور دیگر اشیاء کے سٹالز بھی لگائے گئے۔ مقامی منتخب عہدے داروں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ تنظیم کی جانب سے نائب قونصل جنرل پاکستان عمر شیخ سمیت امریکی آفیشلز کو انکی خدمات کے اعزاز میں سائیٹیشنز بھی دی گئیں۔پاکستان کے 77ویں یومِ آزادی کی تقریب نے نیویارک میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو یکجا کیا اور ملک کی تاریخ اور ثقافت کو بھرپور طریقے سے منانے کا موقع فراہم کیا۔ اس ایونٹ نے نہ صرف لوگوں کو محظوظ کیا بلکہ انہیں اپنی جڑوں سے جوڑنے کا بھی ایک خوبصورت ذریعہ فراہم کیا۔