نفرت اور تشدد کے خلاف اقدامات کے لئے ابیٹ ہیٹ اینڈ ہیٹ وائلنس سمٹ کا انعقاد
نیویارک سٹی میں نفرت اور نفرت پر مبنی تشدد کے خاتمے کے موضوع پر سمٹ کا انعقاد کیا گیا۔اس سمٹ کا مقصد نفرت اور نفرت پر مبنی تشدد کے خلاف اقدامات کرنا اور کمیونٹیز کو محفوظ بنانا تھا۔ سمٹ میں شریک میئر ایڈمز نے مختلف کمیونٹیز کو متحد ہونے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے نفرت انگیزی اور تشدد کا مقابلہ کرنے پر زور دیا۔یہ سمٹ مختلف ماہرین، کمیونٹی لیڈرز، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں کو ایک جگہ لانے کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے تاکہ وہ مل کر نفرت اور تشدد کے خلاف جامع حکمت عملی تیار کرسکیں۔سمٹ میں نفرت انگیز جرائم کی روک تھام اور اسکے لیے موثر حکمت عملیوں پر گفتگو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔سمٹ میں مختلف کمیونٹیز کو نفرت اور تشدد کے خلاف متحد کرنے کے اقدامات، اور کمیونٹی لیڈرز اور تنظیموں کی شرکت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا تاکہ مشترکہ کوششوں سے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔پروگرام میں نفرت انگیزی اور تشدد کے خلاف تعلیم و آگاہی کے لئے اسکولوں، کالجوں، اور کمیونٹی مراکز میں آگاہی کی مہمات بھی زیر غور رہیں۔سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مئیر ایڈمز کا کہنا تھا کہ نفرت اور تشدد کے خلاف تمام کمیونٹیز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیویارک سٹی کی طاقت اس کی مختلف کمیونٹیز ہیں اور ہمیں ہر کمیونٹی کی حفاظت کو یقینی بنانا ہوگا۔میئر نے کہا کہ حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے، اور کمیونٹی کی تنظیمیں مل کر نفرت اور تشدد کے خلاف جامع حکمت عملی تیار کریں۔ انہوں نے کمیونٹی کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔