نیو یارک:امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کا فوڈ ڈرائیو کااہتمام
نیو یارک میں امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے زیر اہتمام فوڈ ڈرائیو کا اہتمام کیا گیا، فوڈ ڈرائیو میں عید الضحیٰ کی مناسبت سے کھانے پینے کی ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ نے کوئنز کے علاقے رچمنڈ ہل علامہ اقبال ایونیو پراپنی چوتھی سالانہ عید الضحیٰ فوڈ ڈرائیو کا انعقاد کیا۔فوڈ ڈرائیو میں عیدالضحیٰ کی مناسبت سے لوگوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

فوڈ ڈرائیو کے موقع پر امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے سربراہ علی رشید کا کہنا تھا کہ ضروری اشیائے خوردونوش سمیت سینکڑوں افراد میں آٹا، چاول، چنے، دال، ٹی بیگ، پھل، سبزیاں، روٹی، انڈے اور بہت کچھ تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ضرورتمند افراد کی مدد ہوسکے۔فوڈ ڈرائیو میں شریک کونسل ممبر لن شلمین کا کہنا تھا کہ یہاں اے پیگ کے ساتھ مسلم امریکی کمیونٹی میں راشن کی تقسیم دیکھ کر بہت خوشی محسوس کررہی ہوں کیونکہ یہ عید ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس موقع پر ہر ایک کے پاس کھانا موجودہونا چاہیئے۔فوڈڈرائیو میں شریک امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کےزمہ داران کا کہنا تھا کہ ہماری آج کی یہ کاوش اس مقصد کے لئے تھی کہ بہت سے ایسے لوگ جن کے پاس کھانے کا سامان نہیں وہ اس سہولت سے فیضیاب ہو سکیں ،آج ہمارے پاس بہت سے لوگ آئے جن میں بغیر کسی تفریق کے سامان تقسیم کیا گیا۔ اے پیگ کے زمہ داران کا کہنا تھا کہ اس فوڈ ڈرائیو کا مقصد کمیونٹی کے ضرورت مند افراد کی مدد کرنا ہے فوڈ ڈرائیو میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ضرورت مند مدد افراد کی مدد کے لئے اے پیگ کی کوششوں کو سراہا۔