پاک بھارت میچ کے حوالے سے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کے حوالے سے شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی۔ آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کے مزید ٹکٹس جاری کردیے ہیں، نیویارک میں صرف چار دن بعد شیڈول پاکستان اور بھارت کے اہم مقابلے کےلیے جنرل ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔اس فیصلے کے بعد اب مزید مداح ٹکٹ خرید کر روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والی معرکہ آرائی سے گراؤنڈ میں بیٹھ کر لطف اندوز ہوسکیں گے۔پاک بھارت میچ کےعلاوہ دیگرمیچوں کے ٹکٹس بھی جاری کیے گئے ہیں، آئی سی سی کے مطابق شائقین ٹکٹس ڈاٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر بکنگ کراسکتے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ اضافی ٹکٹس جاری کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ فینز کو اس تاریخی ایونٹ کا حصہ بنانا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے میچ میں 9 جون کو نیویارک میں ایک دوسرے کے خلاف میدان سنبھالیں گے، عالمی کپ کے آخری مقابلے میں قومی ٹیم کو بلیوشرٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔