شعراء نے کلام اورطنز ومزاح کی شاعری سےحاضرین کے دل جیت لیے
اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے 49 ویں سالانہ کنونشن میں جہاں مختلف زبانوں میں مختلف سیشنز ہوئے وہیں اردو مشاعرے نے اس کنونشن کا رنگ دوبالا کردیا ۔جس میں امریکہ کے مختلف شہروں اور پاکستان سے آئے ہوئے مختلف شعرائے کرام کے کلام نے اسے یادگار بنا دیا ۔پاکستان سے تشریف لائے طنز و مزاح کے حوالے سے شاعری کے معروف شاعر اور کالم نگار خالد مسعود خان مہمان خصوصی تھے جبکہ ورجینیا میں مقیم سیینر شاعر عبدالرحمان صدیقی نے مشاعرے کی صدارت کی۔ خالد مسعود کی شاعری نے لوگوں کے چہرے پر قہقہے بکھیر دئیے۔ بزرگ شاعر اور صدر مشاعرہ عبدالرحمان صدیقی کے بہترین شاعری اور مسحور کَن ترنم نے حاظرین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ پیرانہ سالی کی آواز کا جادو سر چڑھ کر بولا اور حاظرین بے ساختہ داد دینے پر مجبور ہوگئے۔پاکستان سے آئے معروف شاعر طاہر حنفی اور راشد نور نے اپنے کلام سے سماع باندھ دیا نیویارک سے خصوصی طور پر تشریف لائے ممتاز ادب نواز و شاعر وکیل انضاری پنجابی اور اردو میں یکساں انداز میں شاعری کرنے والے اعجاز حُسین بھٹی نے اپنی مخصوص انداز اور خوبصورت شاعری سے محفل لوٹ لی نارتھ کیرولینا سے آئے ممتاز شاعر ڈاکٹر آفاق اختر کی فلسطین کے پس منظر میں پڑھی گئی نظم نے محفل کو گرما دیا جبکہ ڈان کے ممتاز صحافی انور اقبال معاذ صدیقی،ڈاکٹر عادل وحید ،نوید باقی،انور گجر شاہد فاروقی اور عبدالرحیم عبدالزعزیز کے شاندار کلام نے محفل میں رنگ بھر دئیے۔