اچھے ہمسفر کے انتخاب کے لیے نیویارک میں مسلمان لڑکے لڑکیوں کو ملا پلیٹ فارم
پروگرام کے منتظمین کی سربراہی میں مختلف ریاستوں سے آنے والے لڑکے لڑکیوں نے جیون ساتھی کے انتخاب کے لیے ملاقات کی،مسلم بہاریز آف امریکا نے نیویارک میں پہلی بارمسلم سنگلز پروگرام متعارف کرایا
امریکا میں مسلمان نوجوان لڑکے لڑکیوں کے لیے بہتر رشتے کا انتخاب کیسے ہواور بروقت شادیاں کیسے ممکن بنائی جائیں ۔اس اہم معاملے کے بہترین حل کے لیے مسلم بہاریز آف امریکا نے غیر شادی شدہ نوجوانوں کو پلیٹ فارم فراہم کردیا۔نوجوان اپنے لیے جیون ساتھی کا کیسے انتخاب کرسکیں گے۔ امریکا میں غیر شادی شدہ افراد کو شریک ِ حیات کےانتخاب کا مواقع فراہم کرنے کے لیے کئی پروگرامز منعقد ہوتے ہیں۔ لیکن مسلم بہاریز آف امریکا نے نیویارک میں پہلی بارمسلم سنگلز کے عنوان سے اپنی نوعیت کا نہ صرف پہلا بلکہ ایک منفرد اور بہترین پروگرام متعارف کروادیا۔
لانگ آئی لینڈ کے گارڈن سٹی میں منعقدہ ایونٹ میں نہ صرف نیویارک بلکہ نیوجرسی اور شکاگو سمیت کئی ریاستوں سے مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے نوجوان لڑکے لڑکیاں شریک ہوئے تاکہ وہ اپنے لیے بہتر ہمسفر کا انتخاب کرسکیں۔پروگرام میں شریک میں نوجوانوں کی رجسٹریشن کے بعد آئی ڈیز تشکیل دے کرانھیں فراہم کردی گئیں ۔مسلم بہاریز آف امریکا نے نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے سحر انگیز شخصیت کے مالک اور معروف میچ میکر بابا کی خدمات حاصل کیں تاکہ مسلمان لڑکے لڑکیاں اپنے لائف پارٹنر کے چناؤ میں کسی قسم کی کنفیوژن کا شکار نہ ہوں اور درست فیصلہ لیں سکیں ۔باباعلی 2 سالوں کے دوران امریکا بھر میں 30 سے زائد ایونٹ کرواچکے ہیں جن میں تقریبًا60 فیصد نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ان کے جیون ساتھی مل گئے۔
مسلم بہاریزآف امریکا بھارتی ریاست بہار سے آبائی تعلق رکھنے والے بہاری مسلمانوں پر مشتمل ایک ایسی غیر منافع بخش تنظیم ہے جو صرف بہاری کمیونٹی ہی کو نہیں بلکہ مسلمان نوجوان نسل کو سیاست اور معیشت سمیت زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب دیکھنا چاہتی ہے۔منتظمین کا کہنا ہے کہ انھوں نے کوشش کی ہے کہ اپنے بچوں کی شادیوں کےلیے پریشان والدین کی مشکلات کو کم کرسکیں اور مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے پروگرام کرواتے رہیں گے۔پروگرام کے اختتام سے قبل نوجوانوں نے باجماعت نماز ادا کی اور بعد ازاں مختلف اقسام کے لذیذ اور مزید ار کھانوں سے لطف اندوز بھی ہوئے۔منتظمین نے پروگرام کو کامیابی سے ممکن بنانے پر اپنے والنٹئیرز کی خدمات کوسراہا اور انھیں خراجِ تحسین پیش کیا۔