امریکہ اور فرانس نےشہریوں،عملے کو اسرائیل کے سفر سے روک دیا
ممکنہ ایرانی کارروائی کے باعث اسرائیل ہائی الرٹ ،فرانس نے انتباہ کیا کہ ایران،لبنان اور فلسطین علاقوں کا سفر نہ کریں
امریکہ نے اسرائیل میں اپنے عملے کے سفر پر پابندی لگا دی ہے کیونکہ ایران کی طرف سے جوابی حملے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔یروشلم میں امریکی سفارت خانے نے جمعرات کو ایک سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے جس میں اپنے ملازمین اور ان کے خاندان کے افراد کو تل ابیب، یروشلم اور بیئر شیوا کے علاقوں سے باہر ذاتی سفر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل کی فوج نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ ملک کا دفاع کرے گی اور اس کا جواب دے گی جبکہ تہران جلد ہی شام میں اپنے سفارت خانے پر حملے کے لیے جوابی حملہ کرے۔فرانس نے جمعہ کو اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران، لبنان، اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔واضح رہے کہ ایران نے یکم اپریل کو شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے پر اسرائیل کے خلاف انتقامی کارروائی کی دھمکی دی ہے جس میں دو جنرلوں سمیت پاسداران انقلاب کے سات اہلکار ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں تشدد میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔