نیویارک: عدیل رانا کی انسپکٹر اور مصباح نور کی ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی
نیویارک: (نمائندہ خصوصی ) امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اور اعزاز۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ(این وائے پی ڈی ) میں تعینات پاکستانی نژاد امریکی ڈپٹی انسپکٹر اور کمانڈنگ آفیسر عدیل رانا نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی ۔پولیس ڈیپارٹمنٹ نے عدیل رانا کو ڈپٹی انسپکٹر سے انسپکٹر جبکہ مصباح نور کو کیپٹن سے ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔ عدیل رانا این وائے پی ڈی میں تعینات پہلے پاکستانی نژاد امریکی ہیں جنھیں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کی ترقی کی ایک طویل فہرست ہے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب باضابطہ طور پر 4 اپریل کو بروز جمعرات نیویارک کے علاقے کوئنز میں واقع پولیس اکیڈمی میں منعقد ہوگی جس میں ترقی پانےو الے افسران کو نئے رینگ لگائے جائیں گے۔واضح رہے کہ عدیل رانا کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد سے ہے اور وہ نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر بھی ہیں ۔