ہم خواتین کو بااختیار بناناچاہتے ہیں،نصرت سہیل
وومن ٹو وومن فورم کی عالمی یومِ خواتین پر نیوجرسی میں شہزوری ہاؤس کے لیے فنڈریزنگ
نیوجرسی( نمائندہ خصوصی )پاکستانی امریکن خواتین پر مشتمل وومن ٹو وومن فورم کے زیر اہتمام عالمی یومِ خواتین پر نیوجرسی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ فنڈریزر کا آغاز باقائدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔تقریب کی میزبانی کے فرائض سارہ زاہد نے ادا کیے اور غزہ کے شہداء کی یاد اور مظلوموں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختصر خاموشی اختیار کروائی۔تقریب میں امریکی و پاکستانی آفیشلز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔وومن ٹو وومن فورم کی چیئرپرسن نصرت سہیل نے اپنی تنظیم کے قیام کے اغراض ومقاصد بیان کیے،بورڈ ممبران کا تعارف کروایا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری خواتین بااختیار بنیں۔امریکا میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت،صلاحیتوں اور کارکردگی کی بنیاد پر بہت نام کمایا ہے اور وہ سب ہمارے ہیرو ہیں
ہم خواتین کے حقوق اور آزادی کے لیے کام کرتے رہیں گے،قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی
مہمانِ خصوصی نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی شریک تھے،حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مشکل وقت میں گھری خواتین کی مدد اور رہنمائی پر وومن ٹو وومن فورم اور شہزوری ہاؤس کی کاوشوں کو سراہا۔شرکاء سے خطاب میں مزید کہا کہ اس بار عالمی یومِ خواتین پر ہم اس سب کو یہ تجدید ِ عہد کرنا چاہیے کہ ہم خواتین کی آزادی،ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی اوربااختیار بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔تقریب میں خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی،وومن ٹو وومن فورم کی ٹیم نے عالمی یومِ خواتین کی اس سال کی کلر تھیم کی مناسبت سے جامنی،سبز اور سفید رنگ کے امتزاج سے بنے ملبوسات زیب تن کررکھے تھے۔اس موقع پر اوورسیز پاکستانی انٹر پرینور نیٹ ورک نیویارک چیپٹر کی رابعہ شفیع نے اپنی تنظیم کے قیام کی وجوہات اور تاریخی پس منظر بیان کیا۔بعد ازاں وومن ٹو وومن فورم کی ایگزیکٹیو بورڈ ممبر ہوسٹ کمیٹی ممبر محسن علوی نے فنڈ ریزر سیگمنٹ کی نظامت سنبھالی
شہزوری ہاؤس کو ڈونیشن دینے کے طریقہ کار کیا ہیں ۔؟
شرکاء سے خطاب میں سدرہ جمیل نے شہزوری ہاو س کے قیام کی وجوہات اور مقاصد بیان کیے،ساتھ ہی ساتھ یہ بھی بتایا کہ ا س ٹرانزیشنل ہوم کو کیسے چلایا جاتا ہے۔اس موقع پر تقریب کے شرکاء کو شہزوری ہاوس اور وہاں قیام پذیر خواتین کی زندگی پر مشتمل وائس آف ساوتھ ایشیا کی تیار کی گئی ایک ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی۔بعد ازاں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے محسن علوی نے کہا کہ شہزوری ہاؤس ہماری کمیونٹی کی خواتین کے لیے ہے اور ہم نے ہی اسے چلانا ہے۔ہمیں خواتین کے مسائل کا اندازہ ہے،اس لیے ایسی خواتین کو تنہاہ نہ چھوڑیں۔انھوں نے حاضرین پر شہزوری ہاؤس کے لیے فنڈنگ پر زور دیا اور شرکاء کی رہنمائی کی کہ وہ کس طرح مختلف طریقہ کار کےذریعے اپنے فنڈز جمع کرواسکتے ہیں
عالمی یومِ خواتین پر غزہ اور کشمیر کی خواتین کو بھی یاد رکھیں،ڈاکٹر ملک ندیم عابد
فنڈریزنگ تقریب کو سدرہ جمیل اور محسن علوی کے بعد نیویارک میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ملک ندیم عابد نے آگے بڑھایا۔شرکاء سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ آج ہم سب عالمی یومِ خواتین منارہے ہیں لیکن ہمیں غزہ،عراق اور کشمیر کی ان مظلوم خواتین کو بھی ضرور یاد رکھنا چاہیے،جنھیں کبھی انصاف نہیں ملا۔ڈاکٹر ملک ندیم عابد کا مزید کہنا تھا کہ غزہ،عراق اور کشمیر کی خواتین ہر اس خاتون کے لیے عزم وہمت اور استقامت کی مثال ہیں جو ظلم کے خلاف کھڑے ہونا چاہتی ہو
والدین کے درمیان جھگڑا بچوں کی نفسیات کی تباہی کا باعث بنتا ہے،دانش احمد
بعد ازاں سارہ زاہد اور دانش احمد نے سیگمنٹ کو اختتام کی طرف بڑھایا۔دانش احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں خواتین کو درپیش مسائل میں اس طرف ضرور دیہان دینا چاہیے کہ میاں بیوی کے لڑائی جھگڑوں اور علیحدگی کی صورت میں سب سے برا اثر بچوں پر پڑھتا ہے۔اس موقع پر سارہ زاہد نے کہا کہ کہتے ہیں کہ دولت سے سکون نہیں خریدا جاسکتا،لیکن اگر آپ اپنی دولت میں سے کسی بےگھر،بے سہارا کے لیے کچھ کرتے ہیں تو اس کے بدلے دعاؤں کی بدولت اللہ تعالی جو انسان کو عطا کرتا ہے اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا
پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف اور ایوارڈز کی تقسیم :
بعد ازاں تقریب کا سلسلہ آگے بڑھا تو مختلف شعبہ جات میں اپنی نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کی خدمات کے اعتراف کے لیے ایوارڈ سیر منی منعقد ہوئی،اسمبلی مین اسٹرلی اسٹین لی نے وومن ٹو وومن فورم کی طرف سے عطیہ آفتاب کو ایوارڈ پیش کیا۔عطیہ آفتاب نے شرکاء کو اپنے خاندانی پس منظر کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پروردگار نے ہمیں الگ الگ مذاہب اور قومیتوں میں ضرور پیدا کیا ہے لیکن یہ بھی کہا ہے کہ جس نے کسی ایک انسان کی جان بچائی گویا پوری انسانیت کی جان بچائی،اس لیے انسانیت تمام چیزوں سے افضل ہے۔تقریب میں اگلے ایوارڈ کے لیے عمارہ مشتاق کو مدعو کیا گیا اور اسمبلی مین اسٹرلی اسٹین لی میڈیا پرسن عینی خان کو ایوارڈ سے نوازا۔۔ایوارڈ وصول کرنے کے بعد عینی خان کا کہنا تھا وومن ٹو وومن فورم کی ٹیم سے ہم سب کو سیکھنا چاہیے۔تقریب میں نیوجرسی سے منتخب پاکستانی امریکن اور مسلمان اسبلی وومن شمع حیدر کو بھی شریک تھیں،وومن ٹو وومن فورم کی طرف سے انھوں نے معروف مصنفہ ارم بنت صفیہ اور ڈاکٹر سبرینہ غفار کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیے۔ڈاکٹر سبرینہ غفار کا ایوارڈ بینش عنبرین نے وصول کیا۔ان کا کہنا تھا کہ شہزوری ہاوس کا قیام کی ضرورت اور اہمیت کا اندازہ وہی کرسکتا ہے جسے بے سہارا خواتین کے مسائل کا احساس ہو۔بعد ازاں عائشہ جیلانی اور لکھاری ہمدان اظہر کو بھی وومن ٹو وومن فورم کی طرف سے شہلا روپانی اور غزل رحمان نے ایوارڈ پیش کیے۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے عائشہ جیلانی اور ہمدان اظہرکاکہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔کچھ کر دکھانے کا جذبہ اور جنون ہو تو مسائل منزل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتے
موسیقی کی محفل،منچلوں کی دھمال اور بھنگڑ ے:
تقریب کے اختتام سے قبل ہلکی پھلی موسیقی کی محفل بھی سجی۔مقامی گلوکارہ نے نصرت فتح علی خان کی گائی ہوئی حمد وہی خدا ہے،حاضرین کی سماعتوں کی نذر کی۔بعد ازاں مختلف فنکاروں کی اپنی اور حاضرین کی پسند کے کلام اور گیت سناکر سماں باندھ دیا۔شرکاء میں شامل کئی منچلے جھوم اٹھے ۔