جاپان:چیبا پریفیکچر شہر میں ملازمین چار دن کام کے لیے ہوجائیں تیار
جاپان کے ایک علاقے نے سرکاری ملازمین کے لیے چار دن کا ورک ویک متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔چیبا پریفیکچر میں ایک نیا مسودہ قانون مقامی اسمبلی میں پیش کیا جارہا ہے جس کے تحت سرکاری ملازمین ہفتے میں تین دن چھٹی کریں گے تاہم ہفتے بھر میں ان کے کام کے گھنٹے وہی رہیں گے جو اس وقت ہیں۔علاقائی حکومت کا کہنا ہے کہ مہینے کے چار ہفتوں میں سرکاری ملازمین کو مجموعی طور پر 155 گھنٹے یعنی یومیہ ساڑھے نو گھنٹے کام کرنا پڑے گا۔کام کے مجموعی اوقات میں تبدیلی نہ کیے جانے کے باعث ہفتے میں تین دن کی چھٹی کے باوجود تنخواہوں میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔چیبا پریفیکچر کی حکومت نے طے کیا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت بہم پہنچانے کی غرض سے صبح 10 سے دن کے 3 بجے کے دوران ملازمین کا دفاتر میں موجود رہنا لازم ہوگا۔جاپان میں لوگ محنت کے شوقین نہیں بلکہ عادی ہیں۔ زیادہ کام کرنے سے زیادہ آمدنی کا حصول تو یقینی بنایا جاچکا ہے تاہم بیشتر افراد زندگی میں کچھ خلا سا محسوس کرتے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ لوگ کام سے کچھ ہٹ کر اہلِ خانہ، دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی وقت دیں تاکہ زندگی متوازن انداز سے بسر ہو۔