رام مندر کے افتتاح میں چند روز باقی
بھارتی شہر ایودھیا میں متنازع رام مندر کے افتتاح میں چند روز باقی ہیں لیکن تاریخی بابری مسجد کی شہادت کے 30 سال بعد بھی یہاں کے مسلمانوں کی تلخ یادیں تازہ ہیں۔ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد شہید کرکے اس کی جگہ متنازع رام مندر کی تعمیر کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بابری مسجد کو انتہا پسند ہندوؤں نے 6 دسمبر 1992 کو شہید کیا تھا اور اب متنازع رام مندر اسی شہید مسجد کی جگہ پر بنایا گیا ہے۔ 30 سال گزرنے کے بعد بھی شہر کے مسلمانوں کی تلخ یادیں تازہ ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بابری مسجد کی شہادت والے دن انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمانوں کو زندہ جلا دیا تھا ،متنازع رام مندر کا افتتاح ہندوؤں کے لیے تو اچھا دن ہو سکتا ہے مگر ہمارا سینہ آج بھی چھلنی ہے۔ اس دن ہم سے ہماری بابری مسجد اور ہمارے پیاروں کو ہم سے چھین لیا گیا۔ایک سماجی کارکن کا کہنا ہے کہ بابری مسجد کی جگہ متنازع رام مندر کی تعمیر سے مسلمانوں اور ہندوؤں میں دوریاں بڑھیں۔ بابری مسجد کو شہید کرنے والے ہندو آج بھی زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔