ٹیچر نے بستر مرگ پر کام کرکے دنیا کے لیے مثال قائم کردی
درس وتدریس ایک مقدس پیشہ ہے جس سے وابستہ اساتذہ کی تعلیم وتربیت سے ملک وقوم کو مستقبل ملتا ہے۔ امریکا میں ایسے ہی ایک ٹیچر نے زندگی کے آخری دن تک بستر مرگ پر بھی کام کرکے دنیا کے لیے مثال قائم کر دی ہے۔بسترِ مرگ پر بھی اپنے فرائض انجام دینے والے ٹیچر کا نام ایلی ہاندرو نوارو ہے جن کا تعلق امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر ڈیل رِیو سے ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیچر شدید علالت کے باعث اسپتال کے ایمرجنسی روم میں داخل ہیں لیکن وہاں وہ آرام کے بجائے اپنے لیپ ٹاپ پر طلبہ کے گریڈ لگا رہے تھے۔ایک رپورٹ کے مطابق تمام طلبہ کی گریڈنگ مکمل کرنے کے اگلے روز ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ اپنے پیشے سے مخلص اس استاد کی تصویر سب سے پہلے ان کی بیٹی ساندرا وینیگس نے شیئر کی تھی۔ وائرل ہونے والی پوسٹ کو اب تک 73 ہزار سے زائد صارفین دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں جب کہ اس پر انتہائی جذباتی پیغامات اور تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔