بھارت میں طالب علم سے بیت الخلا صاف کروانے کا ایک اور واقعہ
بھارت کی ریاست کرناٹک کے شہر کالابورگی میں طالب علم سے بیت الخلا کی صفائی کروانے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔سرکاری اسکول کے پرنسپل نے طالب علم سے نہ صرف اسکول کے بیت الخلا کی صفائی کروائی بلکہ اپنے گھر کے کام بھی کرنے پر مجبور کیا۔اسکول پرنسپل پر گزشتہ سال بھی اسی طرح کا الزام عائد کیا گیا تھا لیکن حکام کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔تازہ واقعہ مولانا آزاد اسکول کے طالب علم کے ساتھ پیش آیا جس کے والدین نے اسکول انتظامیہ کے سامنے شدید احتجاج کیا اور پرنسپل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔جب انتظامیہ نے پرنسپل کو طلب کر کے اس بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے عجیب منطق پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹ میں افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے ایسا کیا۔دوسری جانب پولیس نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔