ایران میں33 سالہ خاتون کو نامناسب لباس پہننےپر 74 کوڑے کی سزا
ایران میں33 سالہ خاتون کو نامناسب لباس پہننے اور حجاب درست طریقے سے نہ کرنے پر 74 کوڑے مارنے کی عدالتی سزا پر عمل درآمد کردیا گیا۔ایران کی ایک عدالت نے رویا ہیشمتی نامی خاتون کو یہ سزا عوامی مقام پر سر عام اخلاقی حدود کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں سنائی تھی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ مذکورہ خاتون نے عوامی مقامات پر لباس کوڈ کا خیال نہیں رکھا جس کا شریعت اور ایرانی تہذیب تقاضا کرتی ہے۔دوسری جانب ناروے کی انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ کرد خاتون رویا ہیمشتی ایک ایکٹویسٹ ہیں اور انھیں سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی ایسی تصویر شیئر کرنے پر گرفتار کیا گیا جس میں انھوں نے اسکارف نہیں پہنا ۔ناروے کی این جی او کے مطابق ایرانی عدالت نے رویا ہیمشتی کو ایک سال قید کی سزا بھی سنائی تھی تاہم اس سزا کو معطل کردیا گیا تھا جب کہ ان پر 3 سال تک ایران چھوڑنے پر بھی پابندی ہے۔ایران میں خمینی انقلاب کے بعد 1979 کے بعد سے تمام خواتین کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنی گردن اور سر کو اسکارف سے ڈھانپ کر گھر سے باہر نکلیں۔