کمپٹرولر نیویارک نے تارکینِ وطن کو شہر کے لیے خوش آئند قرار دیدیا
نیویارک سٹی کے کمپٹرولر بریڈ لینڈر نے شہر میں پناہ کے متلاشیوں کی آمد کے ساتھ بڑھتے ہوئے تارکین ِوطن مخالف جذبات اور بیان بازی کے درمیان ایک حقائق نامہ جاری کردیا۔نیویارک سٹی کے کمپٹرولر بریڈ لینڈرکی جانب سے جاری کردہ حقائق نامے میں شہر کی آبادی اور معیشت پر تارکینِ وطن کے اثرات سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کیا گیا ہے۔کمپٹرولر بریڈ لینڈر کا کہنا ہے کہ تقریباً دو صدیوں سے نیویارک تارکینِ وطن کی نسلوں کیلئے ایک خوش آئند بندرگاہ رہا ہے ،نیو یارک کے نئے شہریوں پر دروازہ بند کرنے کے بجائے، ہمارے شہر، ریاست اور وفاقی حکومت کو امیگریشن کو قبول کرنے کی روایت کو برقرار رکھنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔تارکینِ وطن کاروبار شروع کرکے نہ صرف ملازمتیں پیدا کرنے کے زیادہ امکانات وضع کرسکتے ہیں بلکہ ٹیکس آمدنی میں اضافہ اور معیشت میں اربوں ڈالر کا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ 2021 میں غیر دستاویزی تارکینِ وطن نے قومی سطح پر کل ٹیکسوں میں تیس اعشاریہ آٹھ بلین ڈالر کا حصہ ڈالا جس میں اٹھارہ اعشاریہ چھ بلین ڈالر وفاقی انکم ٹیکس اور بارہ اعشاریہ دو بلین ڈالر ریاستی اور مقامی ٹیکس شامل ہیں۔تارکینِ وطن آبادی اور افرادی قوت میں اضافہ کرتے ہیں۔ امریکہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کا حق وفاقی قانون کے تحت درج ہے۔ 2022 اور 2023 کے درمیان انسانی بنیادوں پر پیرول کے ذریعے داخلے کے قانونی راستے نافذ کیے جانے کے بعد یوکرین، ہیٹی، وینزویلااور کیوبا سے غیر قانونی کراسنگ میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔