اسکول شوٹنگ:حملہ آور کی فائرنگ سے ایک بچہ جاں بحق،5 زخمی
امریکی ریاست آئیووا کے قصبے پیری میں آئیووا ہائی اسکول میں ایک 17 سالہ مشتبہ شخص کی فائرنگ سے چھٹی جماعت کا ایک طالب علم جاں بحق اور پانچ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔پیری تقریباً 8000 رہائشیوں پر مشتمل قصبہ ہے اور یہ ریاستی دارالحکومت کے میٹروپولیٹن علاقے سےتقریباً 40 میل کے فاصلے پر ہے۔ ڈیلس کاؤنٹی کے شیرف ایڈم انفینٹے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے کے قریب پیش آیا جس کے بعد مقامی، ریاستی اور وفاقی حکام حرکت میں آگئے۔شیرف کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کے وقت اسکول کلاسز شروع نہیں ہوئی تھیں جب کہ اسکول کی عمارت میں طلباء اور اساتذہ بہت کم تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عہدے داروں نے فائرنگ کرنے والے کی شناخت کر لی ہے لیکن انہوں نےکسی کی گرفتاری سمیت مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔