بھارت میں ایندھن کی عدم فراہمی سے عوام پریشان
بھارت میں گذشتہ دو دنوں سے ٹرانسپورٹ یونینز اور ڈرائیورز کی ملک گیر ہڑتال جاری ہے۔ ٹرانسپورٹ اور ٹرک ڈرائیور نئے بی این ایس قانون کے خلاف دو دنوں سے ملک گیر ہڑتال پر ہیں ۔بھارت میں ہڑتال کی وجہ سے ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی میں خلل پڑا ہے اور شہروں میں پٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگی ہيں،اس ہڑتال کی کال آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس نے دی ہے ۔بی این ایس قانون نے حال ہی میں نو آبادیاتی دور کے انڈین پینل کوڈ کی جگہ لی ہے ۔اس قانون میں خاص طور پر سنگین سڑک حادثات میں ملوث ایسے ڈرائیوروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو حکام کو واقعے کی اطلاع دیئے بغیر جائے وقوعہ سے فرار ہوجاتے ہيں ۔مرکزی حکومت کی طرف سے لائے گئے اس نئے قانون کے تحت حادثے کے بعد بھاگنے والے ڈرائیوروں پر دس سال کی سزا اور سات لاکھ جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔