vosa.tv
Voice of South Asia!

بھارت مدھیہ پردیش ٹریفک حادثے میں13افراد جان کی بازی ہار گئے

0

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں 13 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔حادثے کی شکار بس مودی کی جماعت بی جے پی کے ایک رہنما دھرمیندر سیکروار کی ملکیت تھی۔ بس 30 مسافروں کو لے کر گونا سے آرون جا رہی تھی۔حادثے کی شکار بس کی فٹنس اور انشورنس زائد المیعاد ہوچکی تھی لیکن پھر بھی مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر اسے چلایا جا رہا تھا جب کہ 2021 سے ٹیکس بھی ادا نہیں کیا گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ مسافر بس کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک ہونے کے سبب اموات  میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔مسافر بس میں ٹرک کے ساتھ ٹکراتے ہی آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ مسافروں کو بس سے نکلنے کا موقع تک نہیں مل سکا۔مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ موہن یادو نے حادثے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا جب کہ حکومت کی جانب سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے اور ہر ایک زخمی کے لیے 50 ہزار روپے معاوضے کا اعلان کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.