نیویارک تارکینِ وطن کو شہر لانے سے 32 گھنٹے قبل مطلع کرنے کا ایگزیکٹو آرڈر جاری
ٹیکساس سے تارکینِ وطن کی ریکارڈ تعداد میں آمد کے بعد میئر نیویارک ایرک ایڈمز، میئر شکاگو برینڈن جانسن اور میئر ڈینور مائیک جانسٹن سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ تینوں شہروں کے میئر نے وفاقی حکومت سے تارکینِ وطن کے مسائل کے حل کیلئے مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔نیویارک سمیت دیگر شہروں میں تارکینِ وطن کی مسلسل آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست ٹیکساس سے تارکینِ وطن کی ریکارڈ آمد کے بعد نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز، شکاگو کے میئر برینڈن جانسن اور ڈینور کے میئر مائیک جانسٹن نے مشترکہ طور پر وفاقی حکومت سے مدد کا مطالبہ کیا ہے جبکہ میئر نیویارک ایرک ایڈمز نے اس ضمن میں ایگزیکٹو آرڈر 538 جاری کردیا۔ نئے تارکینِ وطن کی آمد کے پیش نظر انتظامی آرڈر رابطہ کاری ، عملے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جاری کیا گیا ہے۔ میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا مقصد نئے تارکینِ وطن کی آمد کے تناظر میں عملے اور شہریوں کی حفاظت وبہبود کو یقینی بنانا ہے۔ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت اب نیویارک شہر پہنچنے سے پہلے 32 گھنٹے کا پیشگی نوٹس اور تارکینِ عطن کی نقل و حمل کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی اور تارکینِ وطن کو مین ہٹن میں صرف مخصوص اوقات کے دوران کسی مخصوص مقام پر اتارنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیویارک سٹی میں حالیہ ہفتوں میں شہر کے حکام کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے، مڈ ٹاؤن مین ہٹن میں بے ترتیب مقامات پر مسافروں کو اتارنے والی چارٹرڈ بسوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ شکاگو کے میئر برینڈن جانسن کا کہنا تھا کہ ہمیں ضروری ہم آہنگی اور وسائل فراہم کرنے کیلئے حکومت اور اپنے وفاقی شراکت داروں کی تمام سطحوں پر تعاون کی ضرورت ہے ۔ڈینور کے میئر مائیک جانسٹن نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تارکینِ وطن کے داخلے کی ایک مربوط حکمت ِ عملی وضع کی جائے اور اس بحران پر قابو پرنے کیلئے وفاقی حکومت مدد فراہم کرے۔