امریکی بیل ریلوے ٹریک پر پہنچنے سے اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں
آپ نے اکثر بیل کے رسی توڑ کر بھاگنے کے قصے سن رکھے ہوں گے لیکن امریکا جیسے ملک میں بھی ایک بیل رسی توڑ کر بھاگا تو حکام کی دوڑیں لگ گئیں کیونکہ یہ بیل بھاگتا ہوا ریلوے ٹریک پر پہنچ گیا جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔نیو جرسی میں صبح کے وقت ایک بیل ایئرپورٹ کے قریب ایک مقام سے فرار ہوا اور اور بھاگتے بھاگتے این جے ٹرانزٹ ٹرین کی پٹریوں تک جا پہنچا۔ یہ واقعہ صبح ساڑھے دس بجے کا ہے جب لوگ اپنے کاروبار اور روزمرہ کی زندگی کے لیے ٹرینوں سے آمدورفت کرتے ہیں تاہم بیل نیوارک پین اسٹیشن کے ریلوے ٹریک پر پہنچا تو ٹرین کی روانگی ممکن نہ رہی جس کے باعث مسافروں کو 45 منٹ تک صبر آزما مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور کافی دیر تک اسے ٹریک سے ہٹانے اور پکڑنےکی کوشش کرتے رہے تاہم بیل ان کے قابو میں آنے کے بجائے واپس ایئرپورٹ کی جانب بھاگ گیا جس پر نیوارک اور پورٹ اتھارٹی پولیس نے اس کا تعاقب کیا اور ایک جگہ گھیرنے کے بعد اسے ٹرانکولائزرکی گولی مارنے میں کامیاب رہے۔پولیس نے بتایا کہ بیل کی نقل و حمل اور دیکھ بھال کے لیے مقامی جانوروں کی پناہ گاہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔