بھارتی شہری کو بی جے پی کارکن سے لڑنا مہنگا پڑ گیا،شہری کا گھر مسمار
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے نومنتخب وزیر اعلیٰ موہن یادو نے بی جے پی ورکر سے جھگڑا کرنے پر شہری کا گھر مسمار کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا،جس کے بعد بلڈوزر کی مدد سے کارروائی شروع کی گئی۔بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں انتخابات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی ورکر سے جھگڑا کرنے پر شہری کا گھر مسمار کردیا۔شہری نے 3 دسمبر کو ریاست میں الیکشن کے دوران بی جے پی ورکر دیویندر ٹھاکر پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا تھا۔پولیس نے اس سلسلے میں دیگر 4 ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔حملے میں دیویندر ٹھاکر کے ہاتھ پر گہرا زخم آیا وہ تشویش ناک حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ موہن یادو نے حال ہی میں عہدے کا حلف اٹھایا اور انتقام لیتے ہوئے گھر مسمار کرنے کا حکم دیا۔گزشتہ روز موہن یادو نے ریاست بھر میں مذہبی اور عوامی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔