اپنا نیوجرسی چیپٹر کیلئے سال 2024ء کی نئی قیادت کا انتخاب
اپنا نیوجرسی چیپٹر کے زیرِ اہتمام ایڈیسن میں واقع جے ایف کے کانفرنس میں منعقدہ سالانہ تقریب کا باقائدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔بعدازاں حسبِ روایت امریکی اور پاکستانی قومی ترانے بجائے گئے ۔سالانہ تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ڈاکٹروں اوران کے اہلخانہ کی کثیر تعدا د شریک تھی ۔اپنا نیوجرسی کی پہلی خاتون صدر ڈاکٹر شہناز اختراو ہوسٹ کمیٹی کی رکن نے تمام مہمانوں کی آمد کا خیر مقدم کیا ،انھیں خوش آمدید کہا اور اپنا بھی مختصر تعارف کروایا۔اس موقع پر اپنا نیو جرسی چیپٹر کی موجودہ صدر ڈاکٹر سائرہ زبیر کو خطاب کی دعوت سے قبل ان کا تعارف بھی پیش کیا گیا اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔اپنا نیوجرسی کی صدر ڈاکٹر سائرہ زبیر نے اپنے خطاب کے ابتداء میں دنیا بھر میں مختلف جنگ و جدل میں مارے گئے بے گناہ انسانوں کی یاد میں چند لمحوں کی خاموشی اختیار کروائی ۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سائرہ زبیر نے کہا کہ اپنا میں شامل ڈاکٹروں نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کو مقدم رکھا، جب جب جہاں جہاں ضرورت پڑی اپنے فرائض نبھائے اور کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا۔اس موقع پر اپنا نیو جرسی کے سابق صدر ڈاکٹر میر محمد نے سال 2024 کے لیے نئی صدر ڈاکٹر عرفانہ خان کے انتخاب کا اعلان کیااور میڈیکل سائنس میں ان کی طبی خدمات کا خلاصہ پیش کیا۔اپنا نیوجرسی کی آئندہ سال کی منتخب صدر ڈاکٹر عرفانہ خان نے ایگزیکٹیو ٹیم کی کاوشوں کو سر اہا۔ شرکاء سے خطاب میں انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ چاہتی ہیں کہ نئی نوجوان نسل ان کے ساتھ شامل ہو، اس کے لیے یہاں زیرِ تعلیم طلباء کو مفت ممبر شپ دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔اس موقع پراپنا کے ہسٹورین ڈاکٹر محمود عالم جنھوں نے آرگنائزیشن کے قیام اور کارکردگی پر کتاب بھی لکھی ہے ، انھوں نے اپنی تنظیم کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ کس طرح امریکا کی 35 ریاستوں میں 18 ہزار پاکستانی ڈاکٹر ز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں سالانہ تقریب میں اپنا نیوجرسی نے جے ایف کے ہسپتال کی سی ای او ایمی تھارٹن ، ڈاکٹر نجم واسطی ، ڈاکٹر غزالی، ڈاکٹر حماد رضوی اور دیگر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا۔تقریبمیں نظامت کے فرائض ڈاکٹر زبیر نے سرانجام دیئے۔ اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، ان کہنا تھا کہ بطور ڈاکٹر وہ اپنی اس تنظیم کے پلیٹ فارم سےعالمی برادری کے سامنے یہ مطالبہ رکھنا چاہتے ہیں کہ فوری جنگ بندی کروائی جائے ۔تقریب میں شریک ڈاکٹروں کے اہلِ خانہ اور نوجوان ڈاکٹروں نے بہت توجہ سے ماہرین کو سنا۔ ڈاکٹر زبیر نے اپنا نیوجرسی کی سال 2024 کے لیے منتخب کی گئی کابینہ کو حاضرین سے متعارف کروایا۔اس موقع پر جے ایف کے میڈیکل سینٹر کی چیف ہاسپیٹل اینڈ ایڈ منسٹریشن ایمی تھارٹن سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اسپتال اپنا کے ساتھ کئی سالوں سے مل کر کام کر رہا ہے، مختلف کمیونٹیز پر مشتمل ہمارا اسٹاف ہی ہماری خوبصورتی اور پہچان ہے۔ سالانہ تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوان ڈاکٹر حماد رضوی اور طہور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر مجھ سے میرے کیئرئیر کے آغاز اور اس دوران پیش آئی مشکلوں کے بارے میں پوچھتے ہیں میں ہمیشہ یہی جواب دیتا ہوں کہ ہر شعبے میں مشکلات آتی ہیں لیکن اگر آپ کو رہنمائی کے لیے مخلص قیاد ت اور اچھی ٹیم میسر آجائے تو آپ تیزی سے ترقی کرتے چلے جاتے ہیں۔تقریب کے اختتا م سے قبل معروف گلوکار علی حیدر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ۔