
تمام قومیتوں کی نمائندگی ہی ہماری اصل طاقت ہے،کمشنر نیویارک پولیس
سکھ آفیسرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام دوسرا سالانہ ایوارڈز گالا
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر ایڈورڈ کبان نے کہا ہے کہ محکمے میں تمام کمیونٹی کی نمائندگی ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ نیویارک سٹی کی طرح این وائے پی ڈی بھی مختلف قومیتوں پر مبنی ایک خوبصورت گلدستہ ہے۔یہ بات انھوں نے این وائے پی ڈی میں شامل سردار کمیونٹی کے افسران پر مشتمل سکھ آفیسرز ایسو سی ایشن (ایس او اے ) کے زیرِ اہتمام لیونرڈز پلازو میں منعقدہ دوسرے سالانہ ایوارڈز گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب کا آغاز امریکی قومی ترانے سے کیا گیا۔سکھ آفیسر ایسو سی ایشن نے مہمانِ خصوصی پولیس کمشنر ایڈورڈ کبان کو مین آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا۔۔ اس موقع پر سکھ آفیسرز ایسو سی ایشن کے ایگزیکٹیو بور ڈ کا تعارف کروایا گیا۔بورڈ کے صدر ہیں سارجنٹ گرویندر سنگھ، فرسٹ نائب صدر پولیس افسر دلیر سنگھ، سیکنڈ نائب صدر سارجنٹ نودیپ سنگھ جبکہ دیگر ارکان میں ٹریژرار پولیس افسر انمول سنگھ، ایونٹ کوآرڈینیٹر پولیس افسر رہیت بیر سنگھ، کارسیپونڈنگ سیکریٹری پولیس افسر گرپریت سنگھ، ساجنٹ ایٹ آرمز ستندر پال سنگھ اور سیکرٹری صاہب سنگھ شامل ہیں ۔ این وائے پی ڈی کے پولیس بینڈ نے حاضرین کا دل لُبھانے کے لیے بینڈ نے شاندار پرفارمنس دی۔ایس او اے کے صدرسارجنٹ گرویندر سنگھ نےایسو سی ایشن کا تعارف اور کار کردگی حاضرین کے سامنے رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں سکھ کمیونٹی 26 سال سے بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے اور یہ سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔تقریب میں اسمبلی وومن جینیفر راج کمار ، مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر کمانڈنگ آفیسر عدیل رانا سمیت سردار کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی۔این وائے پی ڈی میں چیف آف ڈیٹیکٹیو جوزف کینی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز دیا گیا۔جوزف کینی نے سکھ افیسرز ایسو سی ایشن کو مبارکباد دی۔شرکاء سے خطاب میں انھوں نے اس امید اور توقعات کا اظہار کیا نیویارک میں مقیم سکھ کمیونٹی کے مزید نوجوان پولیس فورس جوائن کریں گے۔اس موقع پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی چیف پیٹریشیا میکڈونلڈ کو بھی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز دیا گیا۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے پیٹریشیا میکڈونلڈ نے کہا کہ این وائے پی ڈی ہماری پہچان ہے۔سکھ کمیونٹی کے جوان جس طرح اپنے فرائض نبھا رہے ہیں وہ قابلِ ستائش ہے۔تقریب میں خاتون انسپکٹر ویکٹوریا پیری شلوار قمیض میں ملبوس ہوکر شریک ہوئیں اور انھیں وومن آف دی ایئر کے ایوارڈ سے سے نوازا گیا۔شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سکھ افیسرز کی بدولت این وائے پی ڈی اور سردار کمیونٹی کے درمیان تعلقات کر بہتر بنانے میں بہت مدد ملی ہے۔اس موقع پر پولیس انسپکٹر رے جینکنز کو کمانڈنگ آفیسر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ایوارڈ ملنے پر انھوں نے ایسو سی ایشن کے ارکان سے اظہارِ تشکر کیا۔اس موقع پر سکھ آفیسرز ایسو سی ایشن نے اپنے کمیونٹی کے دو نوجوانوں کو تعلیمی اخراجات برادشت کرنے کے لیے پندرہ پندرہ سو ڈالرز کی اسکالرشپس دی گئیں۔سکھ آفیسرز ایسو سی ایشن کے سالانہ ایوارڈ گالا ڈنر میں اسمبلی وومن جینیفر راج کمار کو اپنے درمیان پاکر سب ہی خوش دکھائی دیے۔انھوں نے سکھ آفیسرز ایسو سی ایشن کے ایگزیکٹیو بورڈکو تعریفی سند بھی پیش کی۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے جینیفر راج کمار نے اپنے والدین کی امریکا آمد اور جدوجہد پر مبنی زندگی کی داستان بیان کی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے اپنے سکھ اور امریکن ہونے پر فخر ہے، امریکا وہ سر زمین ہے جو ہر محنت کرنے والے شخص کو اس کا حقیقی مقام دلواتی ہے، سکھ آفیسرز نے پنجابیوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔تقریب میں نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر ڈپٹی انسپکٹر اور کمانڈنگ افیسر عدیل رانا بھی شریک ہوئے ۔ ایس او اے نے عدیل رانا کو بھی تعریفی شیلڈ پیش کی۔
شرکاء سے خطاب میں عدیل رانا کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ صرف میرا نہیں بلکہ یہ شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے کی جانے والی ہم سب کی مشترکہ کوششوں کی نشانی ہے۔اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ راجہ راٹھور کو کمیونٹی سروس ایوارڈ سے نوازا گیا۔راجہ راٹھور نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے پولیس کمشنر ایڈورڈ کبان اور سکھ آفیسرز ایسو سی ایشن سے اظہارِ تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دوسروں کی زندگیوں کا تحفظ پر مامور رہیں وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ہمارے پولیس افسر نہ صرف نوجوانوں بلکہ ہر شخص کے لیے امید کا استعارہ ہیں جو دوسرو ں کے لیے جینا چاہتا ہے۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور ایم او ایس کے دیگر ارکان بھی شریک تھے۔ سکھ آفیسرز ایسو سی ایشن نے کارسیپونڈنگ سیکریٹری پولیس افسر گرپریت سنگھ کو کوپ آف دی ایئر قرار دیا۔گر پریت سنگھ نے اس ایوارڈ کو تمام پولیس آفیسرز کے نام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہوئی کہ آج یہاں سب کی خدمات کا اعتراف کیا جارہا ہے۔اس موقع پر کمانڈر وٹیرن ڈاکٹر پرم جیت سانی کی کارکاردگی کو تسلیم کرتے ہوئے انھیں کمیونٹی لیڈر شپ ایوارڈ دیا گیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پرم جیت سنگھ نے ایس او اے کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کئی سال قبل صرف 500 ڈالر سے اس سروس کو شروع کیا اور امریکا بھر میں 27 ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔تقریب کے اختتام پر سکھ کمیونٹی کے نوجوانوں نے پنجابی گیتوں پر جوشیلے انداز میں زبردست بھنگڑے ڈالے اور سب کا لہو گرمایا۔