راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے سربراہ کو دن دیہاڑے قتل کردیا گیا
راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے سربراہ سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی کو جے پور میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا، سنجے لیلا بھنسالی کو تھپڑ مارنے کے واقعے کے بعد سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی پورے ملک میں زیر بحث آگئے تھے۔جے پور کے پولیس کمشنر بیجو جارج جوزف کے مطابق سکھ دیو سنگھ گوگامڑی کو بدمعاشوں نے گولی ماری اوراسپتال میں موت کی تصدیق ہوئی۔ خبروں کے مطابق گولی چلانے کے لیے آنے والوں میں سے بھی ایک کی موت واقع ہوئی اور فائرنگ کے بعدحملہ آور فرار ہو گئے۔پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔لوکندر سنگھ کلوی کی موت کے بعد سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی راجپوت برادری کے بڑے لیڈر کے طور پر ابھرے تھے۔ سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی کے خلاف سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ وہ سیاست میں بھی سرگرم رہے اور بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر دو بار الیکشن لڑے تھے جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔2017 میں جے پور میں فلم پدماوت کی شوٹنگ کے دوران راجپوت کرنی سینا نے فلم کے سیٹ پر توڑ پھوڑ اور احتجاج کیا تھا۔ سنجے لیلا بھنسالی کو تھپڑ مارنے کے واقعے کے بعد سکھ دیو سنگھ گوگامیڑی پورے ملک میں زیر بحث آگئے تھے۔