بھارت چنئی ائیرپورٹ پانی میں ڈوب گیا،فلائٹ آپریشن معطل
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے چنئی ائرپورٹ میں شدید بارشوں کی وجہ سے فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا۔جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سمندری طوفان ’مائچانگ‘ کے ریاست کے ساحلی علاقوں سے گزرنے کا امکان ہے۔طوفان کے باعث کئی پروازیں منسوخ کرنے کے ساتھ ہی ان کا رخ موڑ دیا گیا ہے، جبکہ چنئی ائیرپورٹ کا پورا رن وے اور ہوائی جہاز کا پارکنگ ایریا بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شمالی ساحل پر ہونے والی بارشوں سے چنئی شہر اور دیگر اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، طوفان مائچانگ آندھرا کے ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے تاہم طوفان سے ریاست تامل ناڈو اور پوڈو چیری میں شدید بارشیں جاری ہیں۔جبکہ متعدد علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور بعض علاقوں میں سیلابی ریلا گاڑیوں کو بھی بہالے گیا۔چنئی کے پڑوسی اضلاع میں رات گئے شدید بارشیں ہوئیں اور اس دوران بعض مقامات پر 196 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ریاستی حکومت نے نجی اداروں پر زور دیا ہے کہ اس صورتحال میں وہ ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات جاری کریں، جبکہ چنئی شہر میں ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے اسکول، کالجز اور سرکاری دفاتر میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔