سمندری طوفان مائچانگ مزید شدت اختیار کرگیا
سری لنکا کے قومی موسمیاتی مرکز کی پیش گوئی کرنے والے ڈویژن نے کہا ہےکہ سمندری طوفان”مائچانگ”کے مزید شدت اختیار کرنے اور سری لنکا سے شمال مغرب کی طرف ہندوستان کے شمالی تامل ناڈو کے ساحل کی طرف بڑھنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سمندری طوفان جنوب مغربی خلیج بنگال کے اوپر ہے اور فی الحال جافنا سے تقریباً 365 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔طوفان شمال کی طرف بڑھے گا اور جنوبی آندھرا پردیش کے آس پاس ساحلوں کو عبور کرے گا۔ تقریباً 75 ملی میٹر کی بھاری بارشیں شمالی اور شمالی وسطی صوبوں اور ٹرنکومالی اور بٹیکالوا اضلاع میں دوپہر 1:00 بجے کے بعد متوقع ہے۔عوام سے اپیل کی گئی کہ گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران تیز ہواؤں اور بجلی گرنے سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔جزیرے کے اردگرد دیگر سمندری علاقوں میں سرگرمیوں میں مصروف بحری اور ماہی گیری برادریوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔