عام انتخابات میں کثیر جہتی مقابلہ ہوگا،مایاوتی
حیدرآباد:بہوجن سماج پارٹی سپریمو مایاوتی کا کہنا ہے کہ مرکز و اترپردیش حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں اور طرز عمل کی وجہ عام انتخابات میں کثیر جہتی مقابلہ ہونے کے قوی امکانات ہیں جس میں بی ایس پی کا کردار اہم ہونے والا ہے۔اترپردیش اور اتراکھنڈ میں پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ میٹنگ میں مایاوتی نے کہا کہ ملک اور یوپی سمیت مختلف ریاستوں کی تنگ نظر،ذات وادی اور عوام مخالف پالیسیوں اور طرز عمل کی وجہ سے سیاسی حالات تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں اور ایسے میں کسی ایک پارٹی کا رسوخ نہ ہوکر کثیر جہتی مقابلے کا راستہ لوگ اختیار کرنے کو بے چین نظر آرہے ہیں۔ایسے میں لوک سبھا کا اگلا عام الیکشن دلچسپ،وسیع ترعوامی اور قومی مفاد میں ہونے کا قوی امکان ہے، جس میں بی ایس پی کا رول اہم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں پارٹی کو وقتاً فوقتاً دی گئی ہدایات کے مطابق دیانتداری اور خلوص سے کام کر کے اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی، ایس پی اور کانگریس کی طرح اپنے کام کے بل بوتے پر عوام سے ووٹ مانگنے کی پوزیشن میں نہیں ہے،اس لیے اسے پھر سے تنگ،اشتعال انگیز اور تقسیم کرنے والے مسائل کا سہارا لینے کی ضرورت ہے۔جس سے بہوجن سماج کے لوگوں کو بہت محتاط رہنا ہے۔