غزہ جنگ بندی میں توسیع۔اسرائیل کو حماس کے تعاقب کی اجازت ہوگی،جان کربی
واشنگٹن:امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان کربی کا کہنا ہے کہ قطر اور مصر کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی میں توسیع کی کوششیں جاری رکھیں گے لیکن اگر اسرائیل دوبارہ حماس کے پیچھے جانے کا فیصلہ کرے گا تو اسے امریکی حمایت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد غزہ سے 6 امریکی رہا ہوچکے ہیں،ایک خاتون ابھی تک لاپتا ہے۔دوسری جانب قطر اور مصر کی ثالثی میں ہونے والی حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کے ساتویں روز حماس نے مزید 8 اسرائیلی رہا کردیئے۔حماس نے پہلے فرانس کی دوہری شہریت کی حامل21 سالہ لڑکی اور 40 سالہ خاتون کو رہا کیا جس کے بعد2 بچوں اور4 خواتین سمیت مزید6 اسرائیلیوں کو رہا کردیا گیا۔اسرائیل نے بھی حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بعد 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا،اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینیوں میں23 بچے اور7 خواتین شامل ہیں۔حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے خاتمے پر عالمی برادری کی جانب سے تشویش دونوں فریقین پر تشدد کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جنگ بندی میں توسیع پر زور دیا گیا تھا۔