سرحدی کراسنگ دھماکے میں دہشت گردی کا عنصر نہیں،گورنر نیویارک
امریکی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے نیاگرا فال کے قریب رین بو بریج پر دھماکے کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے اسے ٹریفک حادثہ قرار دیا ہے۔ بفیلو میں ایف بی آئی کےدفتر کی طرف سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ جائے حادثہ سے دھماکہ خیز مواد نہیں ملا اور نہ ہی اس واقعہ میں دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت ملا ہے ۔ واقعہ کی مزید تحقیقات مقامی پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔قبل ازیں امریکی ریاست نیو یارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا تھا کہ نیاگرا فال میں امریکا اور کینیڈا کے درمیان سرحدی کراسنگ پر ایک گاڑی میں ہونے والے دھماکے میں دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا کوئی عندیہ نہیں ملا، اس دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق رین بو برج پر ہونے والے واقعے میں ایک سرحدی افسر زخمی بھی ہوا۔ایف بی آئی کے مقامی دفتر نےاس واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا اوردونوں ممالک کی سرحد پر واقع چار پلوں کو کئی گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ انہیں قومی سلامتی اور انٹیلی جنس مشیر نے صورتحال پر بریفنگ دی ہے اور کینیڈا کے حکام امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔