مدھیہ پردیش میں کانگریس کا طوفان آنے والا ہے، راہل گاندھی
دہلی:کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا طوفان آنے والا ہے اور پارٹی ریاست میں 145 سے 150 سیٹیں جیت کر حکومت بنائے گی۔ کانگریس امیدواروں کی حمایت میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ میں 100 فیصد کہہ سکتا ہوں کہ یہاں کانگریس پارٹی کا طوفان آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے لوگ کانگریس کو 145 سے 150 سیٹیں دینے والے ہیں۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کے عوام نے کانگریس پارٹی کی حکومت کو منتخب کیا تھا، لیکن نریندر مودی، امت شاہ اور شیوراج سنگھ چوہان نے مل کر ایم ایل اے کو خرید لیا اور عوام کی منتخب کردہ حکومت کو چوری کرنے کا کام کیا۔راہول گاندھی نے بی جے پی اور اس کے لیڈروں پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی پالیسیوں کی وجہ سے نوجوان بے روزگار ہیں۔ کسان پریشان ہیں۔ ان کے دور حکومت میں بدعنوانی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ یہ عوام کا پیسہ ہے اور لیڈر اسے اپنی تجوریوں میں بھر رہے ہیں۔