جی-7 اجلاس؛ فلسطین کے دو ریاستی حل اور فوری جنگ بندی کی حمایت
جاپان کے دارالحکومت میں ہونے والے جی-7 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے غزہ میں فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جنگ بندی کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ٹوکیو میں جی 7 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی صدارت کرنے والے جاپان کے وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے کہا ہے مشرق وسطیٰ میں تنازعات کا حل دو ریاستوں کا قیام ہے۔اجلاس کے میزبان اور جاپان کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جی-7 کے تمام رکن ممالک بھی فلسطین کے دو ریاستی حل کو درست سمجھتے ہیں اور اسی سے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ہوگا۔اجلاس کے بعد جاری کیے گئے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم غزہ میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر امداد، شہریوں کی نقل و حرکت اور سہولت فراہم کرنے کے لیے جنگ بندی اور راہداریاں کھولنے کی حمایت کرتے ہیں۔مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے یرغمال بنائے گئے تمام اسرائیلی و غیر ملکیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔