امریکہ میں اسائلم ختم ہونے کے بعد بھی گرین کارڈ مل سکتا ہے؟سپریم کورٹ میں اہم کیس کی سماعت 30 نومبر کوہوگی
نیویارک(نیوزڈیسک) امریکہ میں اسائلم حاصل کرنے والے افراد کے لیے ایک اہم قانونی پیش رفت سامنے آنے والی ہے۔ امریکی سپریم کورٹ 30 نومبر کو ایک ایسے مقدمے کی سماعت کرے گی جس کا تعلق اس سوال سے ہے کہ اگر کسی شخص کا منظور شدہ اسائلم بعد میں ختم کر دیا جائے تو کیا وہ اس کے باوجود گرین کارڈ حاصل کر سکتا ہے؟
اس مقدمے میں امریکی سپریم کورٹ کو امیگریشن قانون کے سیکشن 1159(b) کی تشریح کرنا ہے۔مقدمے میں دو افراد شامل ہیں جنہیں ماضی میں اسائلم دیا گیا تھا، تاہم بعد میں فوجداری مقدمات میں سزاؤں کے باعث ان کا اسائلم اسٹیٹس ختم کر دیا گیا۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ ماضی میں منظور شدہ اسائلم کی بنیاد پر گرین کارڈ کی درخواست کا حق ختم نہیں ہونا چاہیے، جبکہ امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ درخواست کے وقت اسائلم اسٹیٹس برقرار ہونا ضروری ہے۔اس قانونی معاملے پر امریکی وفاقی اپیل کورٹس کے درمیان بھی اختلاف موجود ہے۔ پانچویں سرکٹ اپیل کورٹ نے سابقہ اسائلم رکھنے والوں کے حق میں مؤقف اختیار کیا، جبکہ دوسری اور چوتھی سرکٹ اپیل کورٹس نے مختلف تشریح کی۔
اس مقدمے کے اثرات اسائلم حاصل کرنے والے افراد کے شریکِ حیات اور بچوں کی امیگریشن حیثیت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔سپریم کورٹ 30 نومبر کو فریقین کے دلائل سنے گی، جبکہ حتمی فیصلے کی توقع جون 2027 کے آخر یا جولائی کے آغاز تک ہے۔