سرد موسم جو نو جوانوں کے لیے خوشگوار موسم ہو تا ہے وہیں یہ موسم دل کے مریضوں خصوصاََ ان افراد کیلئےخطرناک ثابت ہوسکتا ہے جنہیں سردیوں میں سانس لینے میں مشکل یا ہر وقت کھانسی سے دل پر دباؤ بڑھنے جیسے مسائل رہتے ہیں۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ درجۂ حرارت میں کمی کے باعث خون کی شریانیں سکڑنے، بلڈ پریشر بڑھنے اور خون جمنے کے امکانات میں اضافے سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق خصوصاً ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول اور دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو اس موسم میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق سرد موسم میں جسم اپنی حرارت برقرار رکھنے کے لیے جلد کے قریب موجود خون کی شریانوں کو سکیڑ دیتا ہے، جس سے بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور دل کو خون پمپ کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔اس کے علاوہ سردی کا تعلق پلیٹلیٹس کی بڑھتی ہوئی سرگرمی اور خون کے گاڑھے پن سے بھی ہے، ان تبدیلیوں کی وجہ سے خون کے لوتھڑے بن سکتے ہیں، اگر دل کی شریانوں میں پہلے سے چربی جمع ہو تو یہ صورت حال زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
سردیوں میں جسمانی سرگرمی کم ہونا، مرغن اور زیادہ نمک والی غذاؤں کا استعمال، وزن بڑھنا اور فلو جیسی سانس کی بیماریاں بھی دل پر اضافی دباؤ ڈال سکتی ہیں۔