نیویارک: شاعرمشرق علامہ اقبال کو پاکستانی نژاد امریکی شعراء کا خراجِ تحسین
نیویارک (نیوزڈیسک)پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے کے زیرِ اہتمام شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے ہکس ول میں پروقاراورادبی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کے علاوہ ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور شاعرِ مشرق کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔پیک یو ایس اے کے جوائنٹ سیکریٹری عاصم ملک نے شرکا اور معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا ۔
تقریب کی نظامت کے فرائض تنظیم کی جوائنٹ سیکریٹری گلناز احمد نے نہایت خوبصورت اور خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ تقریب کی صدارت نیویارک میں شاعری کے حوالے سے ممتاز مقام رکھنے والے معروف شاعر مامون ایمن نے کی، جبکہ وکیل انصاری مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اعزازی مہمانوں میں معروف اردو و پنجابی شاعر اعجاز بھٹی، پاکستان میں ریڈیو پاکستان پشاور کی ریجنل ڈائریکٹر سیدہ عفت جبار اور علامہ اقبال پر وسیع تحقیقی کام کرنے والے ممتاز اسکالر ڈاکٹر سلیم میر شامل تھے۔اس موقع پر محمد طارق سعود نے معروف شاعر مامون ایمن کی لکھی ہوئی خوبصورت دعائیہ شاعری پیش کرکے محفل کو عقیدت کے رنگ میں رنگ دیا۔
محفل میں فکرِ اقبال، فلسفۂ خودی، قومی شعور اور اردو و پنجابی ادب کے رنگ نمایاں رہے۔پیک یو ایس اے کے صدر سلمان شیخ نے علامہ محمد اقبال کی فکر، فلسفۂ خودی اور ان کے پیغام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تنظیم کے ڈائریکٹر عمر ملک نے اسٹیج پر آ کر علامہ اقبال کے اشعار سنائے۔تقریب کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے پیک یو ایس اے کے سیکریٹری ایاز صدیق نے علامہ اقبال کی شخصیت اور فکر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شاعرِ مشرق کے منتخب اشعار پیش کیے جبکہ ترجمان ہمایوں شبیر نے بھی اقبال کے پیغام اوران کی فکر کی عصری اہمیت کو اجاگر کیا۔
پیک یو ایس اے کے ایونٹ کی کوآرڈینیٹر طاہرہ احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے علامہ اقبال کی زندگی سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ سنایا، جسے حاضرین نے دلچسپی سے سنا۔ بعد ازاں طاہر خان نے بھی اپنے خیالات پیش کیے،جبکہ حافظ احمد نے علامہ اقبال کی فکر پر گفتگو کے ساتھ ان کا خوبصورت کلام سنا کر محفل کو ادبی رنگ بخشا۔تقریب میں مقررین نے علامہ اقبال کی شخصیت اور افکار پر روشنی ڈالی اور شعرا نے اپنے خوبصورت کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سلیم میر نے علامہ اقبال کی شخصیت اور فکر کے حوالے سے پُرمغز گفتگو کی۔
تقریب کے پہلے حصے کے اختتام پر صاحبِ صدر مامون ایمن نے گفتگو کی اور اپنا کلام پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔یومِ اقبال کی تقریب کا دوسرا حصہ محفلِ مشاعرہ پر مشتمل تھا، جس کی نظامت کے فرائض پیک یو ایس اے کے ڈائریکٹر جمال محسن نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ انہوں نے مختصر گفتگو اور ایک خوبصورت شعر کے ساتھ مشاعرے کا آغاز کیا۔
جمال محسن کی دعوت پرپاکستان میں ریڈیو پاکستان پشاور کی ریجنل ڈائریکٹرسیدہ عفت نےاظہار خیال کی اور اپنی خوبصورت شاعری پیش کی، بعد ازاں معروف شاعر اعجاز بھٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کلام سنایا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وکیل انصاری نے اسٹیج پرآکر گفتگو کی اور شعر پڑھا۔ آخر میں صاحبِ صدر مامون ایمن نے ایک بار پھر گفتگو کی اور اپنی شاعری سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔
پروگرام کے اختتام پر گلناز احمد نے خوبصورت اختتامی شعر پڑھا۔ جبکہ پیک یو ایس اے کی سینئر نائب صدر مدیحہ مصطفیٰ نے تمام مہمانوں سے اظہار تشکر کیا اور شاعری پیش کی۔فکرِ اقبال، علم و ادب اور شعر و سخن سے معطر یہ پروقار تقریب نہ صرف شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا خوبصورت ذریعہ بنی بلکہ شرکا کے دلوں میں علم و ادب کی خوشگوار یادیں چھوڑتے ہوئے اپنے اختتام کو پہنچی۔