امریکہ میں کم ازکم اجرت25 ڈالرفی گھنٹہ کرنے کی تیاری
نیویارک(نیوزڈیسک)امریکہ میں کام کرنے والے لاکھوں افراد کے لیے اہم خبر، امریکی کانگریس میں وفاقی کم از کم اجرت 7 ڈالر 25 سینٹ سے بڑھا کر 25 ڈالر فی گھنٹہ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔
مجوزہ بل کے تحت نہ صرف تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا بلکہ ٹپس پر کام کرنے والے ملازمین کے لیے صرف 2 ڈالر 13 سینٹ فی گھنٹہ کی بنیادی اجرت کا نظام بھی ختم کرنے کی تجویز ہے۔بل کے مطابق بڑے کاروباری اداروں کو2031 تک جبکہ چھوٹے کاروباروں کو 2038 تک کم از کم اجرت 25 ڈالر کرنے کی مہلت دی جائے گی۔
اس وقت امریکہ میں وفاقی کم از کم اجرت 2009 سے7 ڈالر 25 سینٹ پر منجمد ہے، جبکہ تقریباً 20 ریاستوں میں بھی یہی شرح نافذ ہے۔کانگریس کے نو منتخب رکن بریڈ لینڈر کا کہنا ہے کہ 20 ڈالر فی گھنٹہ سے کم کمانے والے تقریباً ساڑھے 40 ملین امریکی ملازمین تنخواہوں میں اضافے کے مستحق ہیں۔دوسری جانب اجرتوں میں اضافے کی حامی تنظیم ون فیئر ویج کے سروے میں 78 فیصد ووٹرز نے 25 ڈالر فی گھنٹہ کم از کم اجرت کے مطالبے کو اہم قرار دیا ہے۔تاہم یہ بل ابھی قانون نہیں بنا اور اس کی منظوری کانگریس کے آئندہ مراحل سے مشروط ہے۔