نیویارک: ڈی آئی جی فیصل رانا کی اقوامِ متحدہ میں 4 سالہ تعیناتی مکمل ہونے پرالواداعی عشائیہ
نیویارک(نیوزڈیسک) اقوامِ متحدہ کے ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز میں خدمات انجام دینے والے پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی فیصل رانا کی تعیناتی کی مدت مکمل ہونے پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کاروباری وسماجی شخصیت مرزا خاور بیگ اورعدیل گوندل نےنیویارک میں الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا۔
پنجاب پولیس میں گریڈ 20 کے افسر، ڈی آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ محمد فیصل رانا نے اقوام متحد ہ کے ڈیپارٹمنٹ آف پیس میں بطور پالیسی کوآرڈینیشن آفیسر کی تعیناتی کی چار سالہ مدت مکمل کرلی۔ وطن واپس روانگی سے قبل نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت مرزا خاور بیگ اورعدیل گوندل نے ان کے اعزازمیں الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی ۔حاضرین سے خطاب میں فیصل رانا کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ میں تعیناتی بہترین تجربہ رہا،نیویارک میں کمیونٹی سے جو اپنائیت ،پیار اورمحبت ملی یہ ہمیشہ یاد رہے گی۔
تقریب میں گرین برگ کے ٹاون سپر وزائر پال فائنر بطورمہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔اس موقع پر تقریب کے میزبان خاور بیگ اورعدیل گوندل نے مہمانوں سے اظہار تشکراور ڈی آئی جی فیصل رانا کو ان کی خدمات پرخراجِ تحسین پیش کیا۔
شام کو یادگار بنانے کے لیے میوزیکل نائٹ کا بھی اہتمام تھاجس میں پٹیالہ گھرانے اورحامد علی خان کے چشم و چراغ نیاب علی خان اورانعام علی خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے محفل کو چار چاند لگا دیے۔دونوں نوجوان گلوکاروں کی ایک کے بعد ایک شاندار پرفارمنس نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز نے رواں سال جون میں ڈی آئی جی فیصل رانا کی اقوام متحدہ میں تعیناتی کے لیے مزید 6 ما ہ کی توسیع کی منظوری دی تھی ۔