امریکی ریاست مسیسیپی کے ایک کاروباری شخص کو میڈیکیئر کے ساتھ 19 ملین ڈالر سے زائد کے فراڈ کے جرم میں 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ملزم نے رشوت دے کر جعلی ڈاکٹری نسخے حاصل کیے اور ان کی بنیاد پر طبی آلات کے جعلی بل جمع کرائے۔
محکمہ انصاف کے مطابق 53 سالہ ولی ڈی گبز سات طبی آلات سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے مالک یا کنٹرولر تھے، جن میں سے بعض بظاہر دوسروں کے نام پر چلائی جاتی تھیں۔ ملزم نے آرتھوٹک بریسز کے نسخوں کے لیے مختلف کمپنیوں کو رشوت دی اور اسے "مارکیٹنگ” اور "ٹیلی میڈیسن” جیسے جعلی معاہدوں کے پردے میں چھپایا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق نسخے لکھنے والے ڈاکٹروں کا مریضوں سے کوئی تعلق نہیں تھا، نہ ہی انہوں نے ان کا معائنہ کیا۔ بعض نسخے ڈاکٹروں کی اجازت کے بغیر ان کی اسناد استعمال کر کے بنائے گئے۔ مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ نے شکایات کیں کہ انہیں ایسے بریسز بھیجے گئے جو انہوں نے مانگے ہی نہیں تھے۔ مجموعی طور پر ملزم نے میڈیکیئر کو تقریباً 19 ملین 455 ہزار ڈالر کے جعلی کلیمز جمع کرائے، جن میں سے میڈیکیئر نے 9 ملین 460 ہزار ڈالر سے زائد ادا کیے۔ ملزم نے نومبر 2025 میں ہیلتھ کیئر فراڈ کی سازش کا اعتراف کیا تھا۔ قید کے علاوہ اسے 9 ملین 460 ہزار ڈالر سے زائد ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔