نیویارک میں سونی وطن گلگت بلتستان کے رنگ، یومِ آزادیِ گلگت بلتستان کی پُروقارتقریب
کوئنز (نیوزڈیسک)نیویارک کے علاقے کوئنز میں واقع آگرہ پیلس ریسٹورنٹ اینڈ پارٹی ہال میں سونی وطن گلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے حوالے سے ایک شاندار اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں کمیونٹی رہنماؤں، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر بشریٰ نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت ایزان جاوید خان نے حاصل کی، جبکہ روہان خان نے اس کا ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد پاکستان اور امریکا کے قومی ترانے پڑھے گئے۔ بعد ازاں، گلگت بلتستان کا قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔شرکاء سے خطاب میں سونی وطن گلگت بلتستان کے چیئرمین محمد نسیم گلگتی نے خوبصورت اشعار پڑھے اور تقریب کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے مہمانِ خصوصی راجہ ناصر، ڈی آئی جی گلگت طفیل احمد، شاہد رانجھا، خیبر سوسائٹی، یونانی کمیونٹی اور تمام شرکا کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی تنظیم کے وائس چیئرمین مومن شاہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
تقریب کے دوران گلگت بلتستان کے حوالے سے ایک مختصر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔بعد ازاں مس سفیدہ، مومن شاہ اور ڈاکٹر مریم سنگھ کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا، جنہوں نے اپنے خطابات میں تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی ۔کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت عطیہ شہناز اور یونانی کمیونٹی کے نمائندے مسٹر ٹم نے بھی اسٹیج پر آ کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب میں ایوارڈزبھی تقسیم کئے گئے۔ مہمانِ خصوصی، وزیرِ گلگت بلتستان راجہ ناصر کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا جنہوں نے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز دیے۔امریکہ میں شطرنج کے مقابلے میں دوسری اور نیو یارک میں پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے ینگ ٹیلنٹڈچیس چیمپئین ایزان جاوید خان،نیو یارک پولیس میں ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر فائض کیپٹن وحید اختر، ڈی آئی جی گلگت بلتستان طفیل احمد اور گوگل سے منسلک محترمہ بشریٰ نقی، کو ایوارڈز پیش کیے گئےجنہوں نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد خصوصی خطاب بھی کیا۔
چترال سے تعلق رکھنے والی پہلی کمرشل پائلٹ اور تعلیم کے لیے سرگرم مس لخشان بی بی کا ایوارڈ ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مس زاہدہ پروین نے وصول کیا۔ تقریب میں سینئیرصحافی عظیم ایم میاں ، شیخ توقیر اور وکیل انصاری کو گلگت کی روایتی اور ثقافتی ٹوپی پہنا کر ان کی عزت افزائی کی گئی۔ عظیم میاں نے نسیم گلگتی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی شاندار کاوشوں کی تعریف کی۔ مہمانِ خصوصی راجہ ناصر نے اپنے کلیدی خطاب میں تمام حاضرین کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کو مزید چار چاند لگانے کے لیے گلگت بلتستان کا روایتی ثقافتی گیت اور رقص پیش کیا گیا جس سے شرکا ءخوب محظوظ ہوئے۔ اس رنگارنگ اور پُروقار تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں کے لیے شاندار ظعام کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔