امریکا میں مصنوعی ذہانت کی حفاظت کا جائزہ لینے والے سرکاری ادارے کے حکام کو وائٹ ہاؤس کے سامنے جواب دہ ہونے کی ہدایت دی گئی ہے، جس سے ادارے کی خودمختاری اور غیرجانبداری پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق محکمہ تجارت کے تحت قائم ادارے کے حکام کو حال ہی میں غیررسمی طور پر وائٹ ہاؤس کے ایک دفتر کو رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔ ناقدین کو خدشہ ہے کہ اس سے مصنوعی ذہانت کی حفاظت سے متعلق فیصلے سیاسی اثرورسوخ اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے دباؤ میں آ سکتے ہیں۔ادارہ گزشتہ کئی ماہ سے مستقل سربراہ کے بغیر کام کر رہا ہے، جبکہ اگست سے اس نے مصنوعی ذہانت کے حفاظتی جائزوں سے متعلق اپنی رپورٹس بھی شائع کرنا بند کر دی ہیں۔ ادارے کے لیے سالانہ ایک کروڑ ڈالر مختص ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکی برتری برقرار رکھنے کو ترجیح دی ہے اور ٹیکنالوجی کمپنیوں سے اپنے حفاظتی اقدامات کی خود نگرانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے خطرات کے باوجود حکومتی نگرانی اور آزادانہ جانچ کا نظام اس رفتار سے ترقی نہیں کر سکا۔ماہرین کے مطابق اگر ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے نظاموں کی تحقیقات خود کریں اور حکومتی ادارے آزادانہ نگرانی نہ کر سکیں تو صارفین کی رازداری، سائبر سکیورٹی اور شہری حقوق کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔