نیویارک: نیشنل امیگریشن ڈے، مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات کوایوارڈ سےنوازاگیا
نیویارک(نیوزڈیسک) امیگرینٹس انٹر نیشنل کے زیراہتمام نیشنل امیگرینٹس ڈے بھرپور اندازمیں منایا گیا۔دو خواتین ججز،این وائے پی ڈی میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹرعدیل رانااور بنگلہ دیشی نژاد انسپکٹرعبداللہ خنداکار سمیت مختلف شعبوں کی 7 نمایاں شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
نیشنل امیگرینٹس ڈے پر مختلف شعبوں میں انتھک محنت وجہدوجہد سے منفرد اور اعلیٰ مقام حاصل کرنے والے تارکینِ وطن کمیونٹی کی خدما ت کے اعتراف میں امیگرینٹس انٹر نیشنل کےزیراہتمام کوئنزمیں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔شرکا سے خطاب میں امیگرینٹس انٹر نیشنل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر معین چودھری کا کہنا تھا کہ تارکینِ وطن کسی بھی کمیونٹی سے ہوں ان کی زندگی جدوجہد و قربانیوں سے بھرپور ہوتی ہے،امیگرینٹس کے حقوق کوانسانی حقوق میں شامل ہونا چاہیے ۔
تقریب میں منتخب نمائندوں،کمیونٹی لیڈرز پولیس افسران،ڈاکٹرزاوردیگر شعبوں کے پروفیشنلز نے شرکت کی ۔اسٹیٹ آف نیویارک میں سپریم کورٹ کی پہلی انڈو کیریبئن جج کیرن گوپی، کوئنز کاونٹی میں پہلی افریقی نژاد امریکی سروگیٹ جج کیسنڈرا جانسن، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پہلے پاکستانی نژاد کمانڈنگ آفیسروانسپکٹرعدیل رانا،بنگلہ دیشی نژاد انسپکٹرعبد اللہ خنداکار، رئیل اسٹیٹ انڈسٹری لیڈر روب چودھری، جیکسن ہائٹس انڈین مرچنٹس ایسوسی ایشن کےصدر شیو داس اور کمیونٹی لیڈر ڈاکٹرانعام الحق کو ان کی خدمات کےاعتراف میں ایوارڈز اور سائٹیشن سے نوازا گیا۔
تقریب میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ ساوتھ ایشئن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر کانگریس وومن کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے پاکستانی نژاد انسپکٹرعدیل رانا کو جانتی ہیں ،کمیونٹی سروسز میں ان کی بے شمار خدمات ہیں۔ تقریب کےشرکاسے خطاب میں اسٹیٹ آف نیویارک میں سپریم کورٹ کی جج کیرن گوپی اورکوئنز کاونٹی میں سروگیٹ جج کیسنڈرا جانسن کا کہنا تھا کہ تمام کمیونٹی کو چاہیے وہ اپنے مسائل کے مستقل حل اوروسائل کی بہتر تقسیم کے لیے انتخابی عمل کا لازمی حصہ بنیں۔
تقریب میں مختلف تنظیموں نےصحت عامہ سے متعلق اسٹالز لگائے جبکہ امیگرینٹس کمیونٹی پر مشتمل ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی ۔این وائے پی ڈی میں پہلے پاکستانی نژادانسپکٹر عدیل رانا اور بنگلہ دیشی نژاد انسپکٹرعبد اللہ خنداکارکا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک چلے جائیں،یہاں جیسے حقوق،آزادی اورترقی کےمواقع کہیں میسرنہیں،ایک دوسرے کی مدد و رہنمائی کریں اورآگے بڑھتے چلے جائیں ۔
اس موقع پر بنگلہ دیشی کمیونٹی سے ہیلتھ کیئر،رئیل اسٹیٹ اور بزنس کمیونٹی کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کسی بھی ملک میں رہیں ان کی زمہ داری ہے کہ وہاں کے آئین و قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں ۔ تقریب کے اختتام سے قبل میں بنگلہ دیشی فنکارہ نے ثقافتی رقص کا شاندار مظاہرہ کیا۔