vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک:ڈیموکریٹک اُمیدواروں نےاسلاموفوبیا اورتارکینِ وطن کے مسائل کواہم قراردے دیا

0

لانگ آئی لینڈ (نیوزڈیسک) اسٹیٹ سینیٹر،اسمبلی ممبر،کمپٹرولر اوردیگرعہدوں کے لیے ڈیموکریٹک امیدوارو ں نے تارکینِ وطن کے حقوق کا تحفظ ،اسلاموفوبیا،بڑھتےہوئے ٹیکسز اور مہنگائی کے حل کا فارمولا بتادیا۔ووٹرز سے کہا ہے کہ اس الیکشن میں اُن سیاستدانوں کو منتخب کریں جو آپ کی حقیقی نمائندگی کرنا جانتے ہوں ۔

لانگ آئی لینڈ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کاروباری وسماجی شخصیات شازیہ جبیں اور محمد اظہر نے ڈسٹرکٹ 2 سےاسٹیٹ سینیٹر کےامیدوار ہرجوت سنگھ اورسفوک کاونٹی کمپٹرولر کے امیدوارجان ایسٹریچ  کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام کیا جس کی ابتدا امریکی قومی ترانے اور تلاوتِ  کلامِ پاک سے کی گئی ۔

ڈیموکریٹک امید واروں کی آمد پر ان کا گرم  جوشی سے استقبال کیا گیا۔میٹ اینڈ گریٹ کی میزبان شازیہ جبیں نے  ڈیمو کریٹک اُمیدواروں کا تعارف کرایا اور خیر مقدم  کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم شروع ہوئی توری  پبلیکن امیدواروں نے ملنا جلنا شروع کردیا جو سارا سال نظر نہیں آتے،ہمیں ایسے لوگوں کو منتخب کرنا ہےجو ہماری آواز ایوانوں تک پہنچاسکیں۔

تقریب میں نہ صرف پاکستانی  نژاد   بلکہ مقامی امریکیوں کی بھی کثیر  تعداد شریک ہوئی ۔اسٹیٹ سینیٹر کے امید وار ہرجوت سنگھ اورسفوک کاونٹی کمپٹرولر کے امیدوار جان ایسٹریچ نے شرکا سے خطاب میں تارکینِ وطن، اسلاموفوبیا، بڑھتے ہوئے ٹیکسز،مہنگائی سمیت کئی مسائل پر آواز اٹھائی،ان کا کہنا  تھا کہ قانون ساز اداروں میں  ہمیں حقیقی نمائندگی  ملے گی تو ہی مسائل حل ہوں گے،ووٹرز کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کا ٹیکس کہاں اور کیسے خرچ ہورہا ہے؟

میٹ اینڈ گریٹ میں نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کےامیدوار کریگ ہرسکوویٹز اور سفوک کاونٹی کلرک کی  ڈیموکریٹک امیدوار ایبی گئیل فیلڈ نے بھی اپنے خیالات کا اظہا رکیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقوں میں مقیم تمام کمیونٹی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، اگر ووٹرز نے انھیں منتخب کیا تو  انھیں مایوس نہیں کریں گے ۔

تقریب کے دوران  ڈیموکریٹک امیدواروں اورشرکا کے درمیان سوال جواب بھی ہوئے ۔اس موقع پر پبلک سروسزمیں شامل ڈیموکریکٹ نمائندوں کا کہنا تھا کہ  انھیں شہریوں اور تارکینِ وطن کو درپیش مسائل کا احساس ہے، ووٹرز سے اپیل ہے کہ ڈیموکریٹک امیدواروں کو سپورٹ کریں۔

قبل ازیں پاکستانی امریکن کمیونٹی سے عاصمہ شیخ اور فائق صدیقی نے بھی اظہار ِخیال کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری نوجوان نسل کامستقبل یہاں کی مقامی سیاست میں شمولیت سے وابستہ ہے۔میٹ اینڈ گریٹ کے اختتام پر  شازیہ  جبیں نے تمام مہمانوں سے اظہار تشکر کیا اور کمیونٹی سے اپیل کی کہ اس الیکشن  میں ہمارے نمائندہ امیدواروں کو کامیاب بنائیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.