vosa.tv
Voice of South Asia!

الینوائے کے گورنر کی نبیلہ سید کی حمایت میں انتخابی ریلی میں شرکت

0

امریکی ریاست الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر نے شکاگو کے مضافاتی علاقے پیلاٹائن میں اسٹیٹ سینیٹ کی امیدوار نبیلہ سید کی حمایت میں منعقدہ انتخابی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں 400 سے زائد افراد شریک ہوئے، جن میں پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کے ارکان بھی بڑی تعداد میں شامل تھے۔

گریٹر پیلاٹائن ایریا ڈیموکریٹس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں متعدد ریاستی نمائندوں، سینیٹرز اور مقامی قانون ساز اداروں کے ارکان نے شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی جینی لیون نے کی، جبکہ اس کا مقصد 3 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔نبیلہ سید، جو اس وقت الینوائے کے 51ویں حلقے سے ریاستی ایوانِ نمائندگان کی ڈیموکریٹ رکن ہیں، اب ریاستی سینیٹ کی نشست کے لیے انتخاب لڑ رہی ہیں۔ وہ الینوائے کی جنرل اسمبلی میں منتخب ہونے والی پہلی مسلمان خواتین میں شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نبیلہ سید نے ریاست اور ملک میں اسلام دشمنی اور مسلمانوں کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اشیائے خورونوش اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے محنت کش خاندانوں کے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سماجی تحفظ اور صارفین کے حقوق کے اقدامات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔دیگر مقررین میں میری بیتھ کینٹی، نکول گراس، جینی لیون، ماریا پیٹرسن اور کارینا سانتا ماریا شامل تھیں۔گورنر جے بی پرٹزکر نے تقریب میں شریک خواتین کی کاوشوں کو سراہا اور حاضرین پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں ووٹ ڈالیں اور اپنے اہل خانہ کو بھی انتخابی عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے موجودہ سیاسی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز کو ایسی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے جنہیں وہ جمہوریت اور امریکی عوام کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔پرٹزکر نے امید ظاہر کی کہ انتخابات میں ووٹرز معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے والی سیاست کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.