vosa.tv
Voice of South Asia!

چاند سکڑنےلگا،سطح پر10 ہزارسےزائد نئی فالٹ لائنزکی نشاندہی

0

چاند کے بارے میں سائنس دانوں نے ایک حیران کن انکشاف کیا ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق ہمارا قدرتی سیارہ مسلسل سکڑ رہا ہے، جبکہ اس کی سطح پر 10 ہزار سے زائد نسبتاً نئی فالٹ لائنز، یعنی دراڑوں اور زمینی شکستگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ محققین کے مطابق گزشتہ 40 سے 80 کروڑ سال کے دوران چاند کے نصف قطر میں تقریباً 45 میٹر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

چاند کی سطح پر نئی دراڑوں کی نشاندہی نے سائنس دانوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق چاند کے اندرونی حصے میں بتدریج ٹھنڈک کے باعث اس کا حجم کم ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں سطح پر دباؤ بڑھتا ہے اور مختلف مقامات پر فالٹ لائنز اور ابھری ہوئی زمینی ساختیں وجود میں آتی ہیں۔تحقیق میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگر چاند کے سکڑنے کی رفتار کو یکساں تصور کیا جائے تو اس کے نصف قطر میں ہر 10 لاکھ سال کے دوران تقریباً 6 سے 11 سینٹی میٹر کمی واقع ہوتی ہے۔یہ تحقیق سائنسی جریدےدی پلینیٹری سائنس جرنل میں شائع ہوئی، جس میں ناسا سے حاصل کردہ تصاویر اور مشاہدات کا تجزیہ کیا گیا۔ محققین نے چاند کی سطح پر موجود ہزاروں ایسی ساختوں کا نقشہ تیار کیا جنہیں لوبیٹ اسکارپس اور چھوٹی میئر رجیز کہا جاتا ہے۔ یہ ساختیں چاند کی سطح پر دباؤ اور سکڑاؤ کے باعث تشکیل پاتی ہیں۔سائنس دانوں کے مطابق یہ ساختیں چاند کے پہاڑی علاقوں کے ساتھ ساتھ اس کے ہموار میدانوں میں بھی پائی گئی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چاند کا سکڑاؤ کسی ایک علاقے تک محدود نہیں بلکہ اس کی سطح کے وسیع حصے کو متاثر کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.