vosa.tv
Voice of South Asia!

نیو یارک میں سٹی بائیک سروس کی بڑی توسیع،سات نئےعلاقوں میں 230 سےزائداسٹیشن قائم

0

نیو یارک (نیوزڈیسک) سائیکل شیئرنگ سروس سٹی بائیک کو سات نئےعلاقوں تک توسیع دے دی گئی ہے، جس کے تحت 230 سے زائد نئے سائیکل اسٹیشن اور 3700 سے زیادہ سائیکل ڈاکنگ مقامات شامل کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو روزمرہ سفر کے لیے آسان، نسبتاً سستا اور ماحول دوست متبادل فراہم کرنا ہے۔

نیو یارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی، نیو یارک سٹی کے محکمۂ ٹرانسپورٹ اور سروس آپریٹر لِفٹ نے منصوبے کی تکمیل کا اعلان کیا۔ یہ توسیع برونکس، بروکلین اور کوئنز کے ان علاقوں میں کی گئی ہے جہاں پہلے سٹی بائیک کی سہولت دستیاب نہیں تھی یا محدود تھی۔نیویارک میں سائیکل سروس کا دائرہ سات مزید علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔

 ان میں برونکس کے نورووڈ اور ریورڈیل، بروکلین کے بے رج، براؤنزویل، ایسٹ نیو یارک اور کینسنگٹن، جبکہ کوئنز کا فاریسٹ ہلز علاقہ شامل ہے۔ اس توسیع سے ان علاقوں کے رہائشیوں کو سائیکل کے ذریعے سفر کرنے میں مزید سہولت ملے گی۔ان علاقوں میں نئے اسٹیشن قائم ہونے سے رہائشیوں کو گھروں سے کام کی جگہوں، تعلیمی اداروں، کاروباری مراکز اور قریبی ٹرانسپورٹ اسٹیشنوں تک پہنچنے کے لیے مزید سہولت میسر آئے گی۔حکام کے مطابق اس توسیع سے سٹی بائیک کے سروس ایریا میں تقریباً 10 مربع میل کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نیٹ ورک کا مجموعی رقبہ 86.5 مربع میل ہو گیا ہے۔

منصوبے کے تحت نئے اسٹیشنز کو ایسے مقامات پر نصب کیا گیا ہے جہاں سے شہریوں کو قریبی علاقوں اور عوامی ٹرانسپورٹ تک رسائی حاصل ہو سکے۔سٹی بائیک انتظامیہ کے مطابق برونکس کے علاقے نورووڈ میں نئے اسٹیشنز سے ہونے والے نصف سے زیادہ سفر رعایتی کرایوں والی سروس کے ذریعے کیے گئے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کم آمدنی والے شہریوں کے لیے سائیکل شیئرنگ ایک اہم سفری متبادل بن سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.