کینیڈا میں اکنا کا سالانہ کنونشن،ہزاروں افراد کی شرکت
کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں اکنا کینیڈا کے زیرِ اہتمام سالانہ اسلامی کنونشن منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ دو روزہ کنونشن میں اسلامی تعلیمات، نوجوانوں کی تربیت، مسلم شناخت اور سماجی مسائل پر گفتگو کے ساتھ مذہبی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں اکنا کینیڈا کے سالانہ اسلامی کنونشن میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ دو روزہ کنونشن کا عنوان تھا، ’’علم سے عمل کی طرف، نبی کریم ﷺ کے نقشِ قدم پر‘‘۔کنونشن میں برطانیہ کے معروف سوشل میڈیا تخلیق کار ’’دی سنہ گائے‘‘ خصوصی توجہ کا مرکز رہے، جن کے سوشل میڈیا پر تقریباً پینتیس لاکھ فالوورز ہیں۔ اس موقع پر شیخ سالار رسول، نوید عزیز، امیرہ الغوابے، اسامہ لبیب، سامی حمد، ڈاکٹر اقبال ندوی، ڈاکٹر نذیر خان، ڈاکٹر الطاف حسین اور ڈاکٹر محسن انصاری سمیت متعدد معروف علما، مقررین اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔دو روزہ کنونشن کے دوران مختلف نشستوں میں اسلامی تعلیمات، سماجی مسائل، نوجوانوں کی تربیت، مسلم شناخت اور مغربی معاشرے میں مسلمانوں کو درپیش چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ خواتین اور نوجوانوں کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے، جبکہ بنگلہ زبان میں بھی ایک نشست منعقد ہوئی۔کنونشن میں اسلام قبول کرنے والے افراد اور غیر مسلموں کے لیے بھی خصوصی پروگرام رکھا گیا، جس میں اسلامی تعلیمات، معاشرتی مسائل اور مسلم کمیونٹی کے ساتھ روابط پر رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کے خلاف تعصبات کے تناظر میں بین المذاہب مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ تقریب میں نعتیہ کلام اکی محفل نے شرکا کی توجہ حاصل کی، جبکہ مشاعرے میں ادبی ذوق رکھنے والے افراد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا۔ مختلف بازاروں، کھانے پینے کے اسٹالز اور خاندانی سرگرمیوں کے ساتھ بچوں کے لیے کھیل کا میدان بھی تیار کیا گیا۔مجموعی طور پر اکنا کینیڈا کا سالانہ کنونشن مذہبی تعلیم، سماجی آگاہی، نوجوانوں کی رہنمائی اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم اجتماع ثابت ہوا، جہاں دینی و فکری نشستوں کے ساتھ خاندانی سرگرمیوں کو بھی نمایاں جگہ دی گئی۔