vosa.tv
Voice of South Asia!

ویزا اور سفری تقاضوں کیلئے گوگل کی اے آئی سمریز ناکافی، ماہرین کی تنبیہ

0

گوگل کے "اے آئی اوورویوز” فیچر کے ذریعے حاصل کی جانے والی ویزا اور سفری معلومات نامکمل یا پرانی ہوسکتی ہیں، ماہرین نے مسافروں کو سرکاری ذرائع سے تصدیق کرنے کی تاکید کی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق گوگل نے 2024 میں اے آئی اوورویوز اور 2025 میں اے آئی موڈ متعارف کرایا، جو سرچ نتائج میں براہ راست خودکار جوابات دکھاتے ہیں۔ پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق جب سرچ نتائج میں اے آئی خلاصہ دکھایا جاتا ہے تو صارفین صرف 8 فیصد مواقع پر روایتی لنک کھولتے ہیں، جبکہ خلاصے میں شامل لنکس پر کلک کی شرح محض ایک فیصد رہ جاتی ہے۔ رائٹرز انسٹی ٹیوٹ کی 2026 کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2024 سے نومبر 2025 کے دوران گوگل سے نیوز ویب سائٹس پر آنے والے ٹریفک میں عالمی سطح پر 33 فیصد اور امریکا میں 38 فیصد کمی ہوئی۔ ماہرین کے مطابق ویزا اور بین الاقوامی سفری تقاضے اکثر پیچیدہ ہوتے ہیں، کیونکہ یہ شہریت، قیام کے دورانیے، سفر کے مقصد یا داخلے کے مقام پر منحصر ہوتے ہیں، جن کی تفصیلات ایک مختصر اے آئی خلاصے میں شامل نہیں ہوتیں۔ رپورٹ میں کینیا کی مثال دی گئی ہے، جہاں 6 اکتوبر 2026 کو الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی کیلئے لازمی سفری انشورنس کی شرط متعارف کرائی گئی، تاہم عملی تفصیلات جیسے انشورنس کی علیحدہ خریداری اور اضافی اخراجات صرف تحقیق کے بعد سامنے آئیں۔ گوگل خود بھی اپنی دستاویزات میں تسلیم کرتا ہے کہ اے آئی کے جوابات میں غلطیاں ہوسکتی ہیں، اور صارفین کو اہم معلومات متعدد ذرائع سے تصدیق کرنے کی ہدایت دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سفر سے قبل سفارت خانوں، قونصل خانوں اور امیگریشن حکام کی جانب سے جاری سرکاری معلومات ہی سب سے معتبر ذریعہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.