vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں ٹریفک اورآلودگی کم کرنےکانیامنصوبہ،ہزاروں ٹرکوں کی جگہ کشتیاں لانےکی تیاری

0

نیویارک (نیوزڈیسک) سڑکوں سے ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے نیا منصوبہ سامنے آگیا، شہر میں سامان کی ترسیل کے لیے ہزاروں مال بردار ٹرکوں کے بجائے آبی راستوں کے استعمال کو فروغ دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

منصوبے کے ابتدائی تجربے میں 55 سال پرانی ایک کشتی کے ذریعے برونکس سے تقریباً 800 پاؤنڈ پھل اور سبزیاں مین ہیٹن پہنچائی گئیں۔ ان میں کیلے، شملہ مرچ، کھیرے، بینگن اور اسکواش شامل تھے۔منفرد بات یہ ہے کہ کشتی کے ذریعے سامان مین ہیٹن پہنچانے کے بعد اسے الیکٹرک کارگو سائیکلوں پر لادا گیا، تاکہ شہر کی سڑکوں پر بھاری گاڑیوں کا استعمال مزید کم کیا جا سکے۔

نیویارک سٹی کی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن گزشتہ دو سال سے بلیو ہائی ویز منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت بروکلین کے علاقے ریڈ ہُک اور برونکس کی ہنٹس پوائنٹ مارکیٹ کے درمیان مال بردار بارج سروس شروع کرنے کی تجویز ہے۔منصوبے کے مطابق، اس سروس میں روزانہ کم از کم ایک سفر کرنے اور ہر سفر میں 100 کنٹینرز تک سامان لے جانے کی گنجائش کا ہدف رکھا گیا ہے۔

 حکام کے منصوبے کے مطابق یہ سروس 2030 تک شروع ہو سکتی ہے۔منصوبے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اگر سامان کی ترسیل کے لیے ڈیزل سے چلنے والے ٹرکوں پر انحصار کم کیا گیا تو ٹریفک کے دباؤ اور فضائی آلودگی میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔خصوصاً ساؤتھ برونکس جیسے علاقوں کے رہائشیوں کو اس سے فائدہ پہنچنے کی امید ہے، جہاں فضائی آلودگی اور دمے کے مسائل پہلے ہی تشویش کا باعث ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا نیویارک کے آبی راستے مستقبل میں شہر کی مال برداری کا اہم ذریعہ بن سکیں گے اور سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں کتنا کردار ادا کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.