ظفر اقبال کو سماجی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد پیش
نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ اور امریکی آفیشلز نے مکی مسجد کے صدر اور کمیونٹی لائژون ظفر اقبال کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں سائٹیشن پیش کردی ۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمیونٹی افیئرز بیورو کے افسران نے لٹل پاکستان کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد کا دورہ کیا اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علمائے کرام ، سماجی شخصیت راجہ آزاد گل، معروف نعت خوان اصغر چشتی اور دیگر بھی موجود تھے ۔پولیس افسران نے مکی مسجد کے صدر اور کمیونٹی لائژون ظفر اقبال کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ، اسمبلی وومن روڈنیز بیشوٹ، پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیمز اور کمپٹرولر مارک لیوین کی طرف سے علیحدہ علیحدہ تعریفی اسناد پیش کیں ۔پولیس افسران کا کہنا تھا معاشرے میں مستقل امن و امان، مذہبی رواداری اور اتحادو یکجہتی کے لیے ضروری ہے کہ تمام کمیونٹیز اور پولیس کے درمیان مضبوط تعلق قائم رہے۔