امریکا کی ڈیوک، جانز ہاپکنز اور یونیورسٹی آف ٹیکساس ایٹ آسٹن نے مشترکہ طور پر 2027-28 کیلئے پوسٹ ڈاکٹرل فیلوشپ پروگرام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت امریکی خارجہ پالیسی پر تحقیق کرنے والے 8 اسکالرز کا انتخاب کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق فیلوشپ اگست 2027 سے شروع ہوگی اور منتخب اسکالرز کو ایک سال کیلئے کسی ایک یونیورسٹی میں رہائش دی جائے گی، جسے مزید ایک سال کیلئے بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔ فیلوشپ تاریخ، سیاسیات، پبلک پالیسی، کلاسیکس اور سیاسی فلسفہ کے شعبوں کے اسکالرز کیلئے خاص طور پر موزوں ہے۔ منتخب اسکالرز کو سالانہ 73 ہزار 500 ڈالر وظیفہ، مکمل مراعات اور 7 ہزار 500 ڈالر فنڈ ملے گا۔ اہلیت کیلئے امیدوار کے پاس یکم اگست 2027 تک متعلقہ شعبے میں پی ایچ ڈی ڈگری کا ہونا لازمی ہے۔ درخواست دہندگان کو دو صفحات کا کور لیٹر، سی وی، ٹرانسکرپٹ، تین حوالہ جات اور تحقیقی مضمون جمع کروانا ہوگا۔ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ یکم دسمبر 2026 ہے، اور درخواستیں آن لائن انٹرفولیو کے ذریعے وصول کی جارہی ہیں۔